سکھر میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 2 مبینہ عسکریت پسند مارے گئے
سکھر میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران مبینہ طور پر کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان کے 2 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں کی شناخت ولایت زیب اور شاہ محمود کے نام سے کی گئی ہے۔
زرائع کے مطابق سکھر کے علاقے پٹنی میں سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، گرفتار دونوں دہشت گرد ہسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے۔
محکمہ کے حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت ولایت زیب اور شاہ محمود کے نام سے ہوئی ہے، دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا جن کے قبضے سے 2 پستول اور 1 بیگ برآمد ہوا ہے۔
واضح رہے کہ آج ضلع باجوڑ کی تحصیل برنگ میں ریمورٹ کنڑول بم دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔