سعودی عرب نے پاکستانی مسافروں پر عارضی پابندی عائد کردی
سعودی عرب نے پاکستان اور برطانیہ سمیت 20 ممالک سے آنے والوں پر عارضی پابندی عائد کردی۔ سعودی وزارت داخلہ نے عارضی طور پر پابندی کا اعلان کیا جس کے مطابق سعودی شہری، سفارتکار، طبی عملہ اور ان کے اہل خانہ پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے تاہم باقی تمام افراد کے سعودی عرب آنے پر عارضی پابندی لگا دی ہے۔
اس پابندی پر عمل درآمد بدھ 3 فروری کی رات 9 بجے سے ہوگا۔ سعودی وزارت داخلہ کا بیان میں کہنا ہے کہ یہ پابندی کورونا کی موجودہ صورتحال اورصحت عامہ کے پیش نظر عائد کی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق یہ پابندی 20 ممالک سے آنے والوں پر عائد کی گئی ہے جن میں پاکستان، بھارت، امریکا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، آئرلینڈ، اٹلی اور برازیل شامل ہیں۔
عارضی پابندی کا شکار ممالک میں پرتگال، ترکی، جنوبی افریقا، سوئیڈن، سوئٹزرلینڈ، فرانس، لبنان، جاپان اور مصر بھی شامل ہیں۔