قومی

میرٹ اینڈ نیڈ بیسڈ سکالرشپس کے تحت 5 ہزار سے زائد طلباء کو وظیفے ملے

امریکہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ ) کی شراکت سے جاری میرٹ اینڈ نیڈ بیسڈ سکالرشپس پروگرام (ایم این بی ایس پی) کی سولہویں سالگرہ منائی گئی۔

یو ایس ایڈ نے 2004 سے ایچ ای سی کے تعاون سے  اعلیٰ تعلیم تک رسائی اور پاکستانی جامعات میں داخلوں میں اضافے کے مقصد سے معاشی طور پر پسماندہ طبقہ کے طالبعلموں کو برابری کی بنیاد پر وظائف فراہم کیئے ہیں۔ ایم این بی ایس پی نے مجموعی طور پر پانچ ہزار تین سو  سے زائد وظائف دیئے ہیں جن میں سے نصف سے زیادہ وظائف طالبات کو فراہم کیئے گئے ہیں۔

وظائف وصول کرنے والے امیدوار شاندار تعلیمی قابلیت کا مظاہرہ اور معاونت کی ضرورت ثابت کرتے ہیں، جبکہ ان میں سے اکثریت کا تعلق دور دراز کے  دیہی علاقوں سے ہوتا ہے۔ مذکورہ پروگرام کے تحت طالبعلموں کو زراعت، انجنیرنگ، طبی سائنس اور معاشرتی سائنس کے شعبوں میں  تعلیم کے لیئے وظائف دیئے جاتے ہیں۔ وظائف حاصل کرنے والے امیدوار ملک کی تیس سرکاری اور نجی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کے اہل ہوتے ہیں۔

اس موقع پر یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جولی کوئینن نے کہا کہ یو ایس ایڈ کو  خوشی ہے کہ ہم پاکستان میں اعلیٰ مہارتوں کےحامل اور بہتر تعلیم یافتہ نوجوان پاکستانیوں کی افرادی قوت کی تیاری میں ایچ ای سی کے شریک کار ہیں۔

ایچ ای سی کے چیئرمین طارق بنیری نے یو ایس ایڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ اینڈ نیڈ بیسڈ اسکالرشپ پروگرام حکومت پاکستان کے احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ منصوبہ کے لیے قابل تقلید مثال ہے، جو  مستحق طالبعلموں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے ارادے سے متعارف کروایا گیا ہے۔ تقریب میں شریک ایم این بی ایس پی پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد نے اپنے تجربات بیان کیے اور اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ کامیابیوں کو حاضرین کے سامنے اجاگر کیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button