مزید 47 جاں بحق، کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 11 ہزار 204 ہو گئی
ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 47 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 11 ہزار سے بڑھ گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار 839 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 75 لاکھ 61 ہزار 977 ہو گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید ایک ہزار 745 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 28 ہزار 891 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 39 ہزار 186، پنجاب میں ایک لاکھ 52 ہزار 158، خیبر پختونخوا میں 64 ہزار 651، اسلام آباد میں 40 ہزار 548، بلوچستان میں 18 ہزار 696، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 753 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 899 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 34 ہزار 916 ہے جب کہ2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 47 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 11 ہزار 204 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 2 ہزار 075 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 82 ہزار 771 ہو گئی ہے۔