فروری یامارچ تک 3 کورونا ویکسین آ جائیں گی۔ اسد عمر
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں برس فروری مارچ تک ایک دو نہیں 3 کورونا ویکسین آ جائیں گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا حکومت نے آکسفورڈ یونیورسٹی کی AstraZeneca ویکسین کی منظوری دے دی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ فروری مارچ تک ایک دو نہیں بلکہ کورونا کی تین ویکسین پاکستان آ جائیں گی اور لگنا بھی شروع ہو جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے ویکسین لگانے کے لیے 3 لاکھ ہیلتھ ورکرز کی رجسٹریشن بھی کر لی گئی ہے، ویکسین عمر رسیدہ افراد کے لیے بھی دستیاب ہوں گی۔
دوسری جانب ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید 43 افراد جاں بحق، مزید 2521 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اتوار کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کورونا وائرس کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے 43 افراد جاں بحق ہوئے، ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 2521 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔