ملک بھر کی جیلوں میں 500 قیدی کورونا وائرس کا شکار
وفاقی محتسب نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کروا دی جس کے مطابق ملک بھر کی جیلوں میں 500 قیدی کورونا کا شکار ہوئے، سندھ کی جیلوں میں 291 مریض کورونا مرض میں مبتلا بتائے جاتے ہیں۔
وفاقی محتسب نے جیلوں میں قید خواتین کی حالت زارپر ازخود نوٹس میں آٹھویں پیشرفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی جس کے مطابق سینکڑوں کرونا کا شکار قیدی جیلوں میں قید ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ کی جیلوں میں سب سے زیادہ 291 کرونا مثبت قیدی موجود ہیں، خیبر پختونخوا میں 126، بلوچستان میں 80 اور پنجاب کی جیلوں میں 3 کورونا مثبت قیدی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے علاوہ تینوں صوبوں کی جیلوں میں استعداد سے زیادہ قیدی موجود ہیں، صوبوں میں سب سے زیادہ خواتین پنجاب کی جیلوں میں قید ہیں۔
وفاقی محتسب نے ہر ضلع اور اسلام آباد میں جیل قائم کرنے کی تجویز دیدی، جیلوں میں خواتین، کمسن اور نشے کے عادی قیدیوں کیلئے الگ جگہ مختص ہونی چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق قیدیوں کی فلاح اور تعلیم کیلئے مناسب انتظام کیا جائے، وفاق اور صوبوں کے ہر ضلع میں جیلیں قائم کرنے کا کام جاری ہے، وفاق اور صوبوں نے انڈر ٹرائل قیدیوں کی قانونی امداد کیلئے کمیٹیاں قائم کر دی ہیں جبکہ قیدیوں کی تعلیم اور ہنر سکھانے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 48 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی کل تعداد 10 ہزار 558 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں میں کورونا کے 2 ہزار 435 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 97 ہزار 510 تک پہنچ گئی ہے۔