قومی

ڈبلیو ایچ او کی ٹیم کورونا کی تحقیقات کے لیے ووہان جائے گی

عالمی ادارہ صحت کی ٹیم کورونا کی تحقیقات کیلئے چین کے شہر ووہان جائے گی۔ گزشتہ سال دسمبر میں پہلی مرتبہ چینی شہر ووہان میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور یہ وائرس اب عالمگیر وبا کی صورت اختیار کرچکا ہے۔

دنیا بھر میں مہلک وائرس سے لاکھوں افراد ہلاک اور کروڑوں متاثر ہوچکے ہیں جبکہ دنیا کی معیشت بھی بیٹھ چکی ہے جس کے باعث سیاحت سمیت کئی انڈسٹریز بھی مشکلات میں ہیں۔ وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے اب تک تحقیقات نہیں کی جاسکی ہیں کہ ووہان کی جانوروں کی مارکیٹ سے پھیلا یا کسی اور ذریعے سے انسانوں میں منتقل ہوا ہے۔

اب عالمی ادارہ صحت کی سائنسدانوں پر مشتمل 10 رکنی ٹیم اگلے برس جنوری میں ووہان کادورہ کرے گی جہاں وائرس کی نشوونما اور تعلق کے حوالے سے جانچ پڑتال کی جائے گی۔ عالمی ادارہ صحت کے ترجمان نے بتایا کہ سائنسدانوں کی ٹیم جنوری میں ووہان جائے گی جس میں ماہرین کو شامل کیا گیا ہے۔

ٹیم میں شامل ماہر فابیان لینڈرٹز کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا مقصد کسی ملک کو مجرم ٹھہرانا نہیں بلکہ ہم اعداد و شمار کی بنیاد پر مستقبل کے خطرے کو کم کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 71 افراد انتقال کرگئے جب کہ مزید 2545 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں میں 40 ہزار 90 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2545 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ 71 اموات بھی ہوئیں۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد9 ہزار80 ہوگئی ہے جب کہ مجموعی کیسز 4 لاکھ 48522 تک جا پہنچے ہیں جن میں ایکٹو کیسز کی تعداد 42ہزار 851 ہے۔

این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹوں میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح6.3 رہی جب کہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 7993 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد اب تک 3 لاکھ 96 ہزار 591مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کورونا سے سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں جن کی تعداد 39 ہے جب کہ دوسرے نمبر پر سندھ میں 15، کے پی 13، اسلام آباد 3 اور کشمیر میں ایک ہلاکت ہوئی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button