کورونا، ملک میں 5 ماہ کے دوران ایک ہی دن ریکارڈ 89 اموات
ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے ایک روز میں ریکارڈ 89 اموات سامنے آ گئیں، مزید 2885 کیسز رپورٹ ہوئے۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 33610 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2885 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے ریکارڈ 89 ہلاکتیں ہوئیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 8.4 فیصد رہی، پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی ہلاکتیں 5 ماہ کے دوران ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں، اس سے قبل 8 جولائی کو ملک میں کورونا سے 83 اموات ہوئی تھیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 8487 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 23179 تک جا پہنچے ہیں، فعال کیسز کی تعداد 44218 ہے۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 13932 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 370474 ہو گئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 186212 ہو گئی ہے، 3060 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں، پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 124191 ہے اور 3218 افراد وائرس میں مبتلا ہو کر جان سے جا چکے ہیں، بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 17501 اور ہلاکتیں 169 ہو چکی ہیں، خیبر پختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 50078 اور 1419 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں 7390 افراد وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں اور 182 افراد انتقال کر گئے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4746 اور 98 افراد انتقال کر چکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 33061 ہے اور اب تک 341 مریض انتقال کرچکے ہیں۔