قومی

پی ڈی ایم کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کا اہم اجلاس آج ہوگا۔ اجلاس پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹریٹ اسلام آباد میں ہو گا جس میں مستقبل کے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا بھی اہم اجلاس آج دارالحکومت میں منعقد ہوگا جس میں اپوزیشن سے سیاسی میدان میں نمٹنے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔  پی ڈی ایم کے دوپہر دو بجے منعقد ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت سربراہ مولانا فضل الرحمان کریں گے۔ اجلاس میں پی ڈی ایم میں شریک جماعتوں کے قائدین شرکت کریں گے۔

اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں میاں نواز شریف اور آصف علی زرداری کی شرکت ویڈیو لنک کے ذریعے ہو گی۔ اجلاس میں ن لیگ کی مرکزی نائب صدر مریم نواز شرکت کریں گی اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کی بھی شرکت متوقع ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ منفی آگئی ہے۔ قبل ازیں وہ کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے کے بعد سے قرنطینہ میں تھے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کے سربراہی اجلاس میں اسمبلیوں سے استعفے، لانگ مارچ، پہیہ جام یا پھر لاک ڈاؤن کرنے پہ غور و خوص کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اجلاس میں پی ڈی ایم کے زیر اہتمام 13 دسمبر کے  جلسہ عام کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔ اجلاس میں پی ڈی ایم کے مستقبل کا لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button