‘یو اے ای نے ویزا پابندی جلدی ہٹانے کی یقین دہانی کرائی ہے’
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کاکہنا ہےکہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نےکہا ہے کہ ویزا پابندی صرف پاکستان کے لیے نہیں اس میں دیگر ممالک بھی شامل ہیں، پروٹوکول بنائے جارہے ہیں جلد ویزا اجراء شروع ہو جائےگا۔
جیو کے پروگرام میں شاہ محمود قریشی کاکہنا تھاکہ یو اے ای نے وضاحت کی ہےکہ جو ویزے جاری ہوچکے ہیں وہ منسوخ نہیں کررہے اور ویزوں پر پابندی زیادہ دیر نہیں رہے گی،جلد اٹھالی جائے گی۔ ان کاکہنا تھاکہ یو اے ای نے ہم سے سیکیورٹی سے متعلق کوئی بات نہیں کی ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ اسرائیل سے متعلق ہم پر کوئی دباؤ نہیں، آج بھی وہی تاریخی مؤقف ہے جب کہ سعودی عرب سے معاملات بالکل ٹھیک ہیں،آج ہی پیش رفت ہوئی ہے اور سعودی عرب نے نئی ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن لانچ کی ہے جس میں 5 سے 6 ممالک کو دعوت دی گئی جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ اسلامی تعاون تنظیم ( اوآئی سی) اجلاس کے ایجنڈے میں کشمیر شامل نہ ہونے کی خبر غلط ہے، بھارت قیاس آرائیاں کررہا ہے ، بھارتی میڈیا حقائق کے برعکس معاملہ اچھال رہا ہے، او آئی سی کا مؤقف جو کشمیر پر پہلے تھا اب بھی وہی ہے،بھارت کو ناکامی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری درخواست پر او آئی سی نے خصوصی وفد کمشیر بھیجا، ہم نے اجازت دی ،بھارت نے اجازت نہیں دی، خصوصی وفد نے کشمیر سے متعلق اپنی رپورٹ مرتب کرلی ہے جو کل کے اجلاس میں پیش ہوگی، او آئی سی سے توقع ہےکہ مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک مؤقف آئےگا۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات نے پاکستان سمیت 11 ممالک کے مسافروں کےلیے ویزوں کے اجراء کو روک دیا تھا۔ اس حوالے سے پاکستانی دفتر خارجہ کےترجمان کاکہناتھا کہ متحدہ عرب امارات کا یہ اقدام ممکنہ طور پر کورونا کی دوسری لہرکے باعث ہے جب کہ گزشتہ روز ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان نے کہا ہےکہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لیے ویزا پالیسی میں تبدیلیوں سے مطلع نہیں کیا۔