کورونا کی دوسری لہر میں تیزی، ایک ہی دن ریکارڈ 59 افراد جاں بحق
پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر مزید شدت اختیار کر گئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 59 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7 ہزار 662 تک پہنچ گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب جاری کیے گئے تازہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا کے 2 ہزار 665 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور متاثرہ افراد کی کل تعداد 3 لاکھ 74 ہزار 173 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کورونا سے متاثر ہونے والے 3 لاکھ 29 ہزار 828 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں اور 36 ہزار 683 زیر علاج ہیں۔
اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 26 ہزار 569، خیبر پختونخوا 44 ہزار 97، سندھ ایک لاکھ 62 ہزار 227، پنجاب ایک لاکھ 14 ہزار 10، بلوچستان 16 ہزار 744، آزاد کشمیر میں 6 ہزار اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 526 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 2 ہزار 848 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، سندھ میں 2 ہزار 816، خیبر پختونخوا ایک ہزار 325، اسلام آباد 278، گلگت بلتستان 94، بلوچستان میں 161 اور آزاد کشمیر میں 140 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق ملک کے 15 شہروں میں کورونا وبا تیزی سے پھیل رہی ہے، پاکستان میں اسی فیصد کورونا کیسز گیارہ بڑے شہروں سے رپورٹ ہوئے۔
صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیز اور ماسک کو لازم قرار دیں، شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں، حکومتی اور نجی سیکٹرز کے دفاتر میں کام کرنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازم ہے۔