قومی

کورونا کی دوسری لہر، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 20 افراد جاں بحق

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 20 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 943 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے ایک ہزار 502 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 41 ہزار 753 تک پہنچ گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا کے 3 لاکھ 17 ہزار 898 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں اور 16 ہزار 912 زیرعلاج ہیں، اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 21 ہزار 302 ہو گئی ہے۔ پنجاب ایک لاکھ 6 ہزار 208، سندھ میں ایک لاکھ 48 ہزار 922، خیبر پختونخوا میں 40 ہزار 285، بلوچستان میں 16 ہزار 41، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 343 اور آزاد کشمیرمیں 4 ہزار 652 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 399 اور سندھ میں 2 ہزار 667 اموات ہو چکی ہیں، خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 288، اسلام آباد میں 236، بلوچستان میں 153، گلگت بلتستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 107 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے، شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں، حکومتی اور نجی سیکٹرز کے دفاتر میں کام کرنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازم ہو گا۔

صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیز اور ماسک کو لازم قرار دیں، این سی او سی کے مطابق ملک کے 11 شہروں میں کورونا وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔

پاکستان میں اسی فیصد کورونا کیسز گیارہ بڑے شہروں سے رپورٹ ہوئے۔ کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، حیدرآباد، گلگت، مظفر آباد اور پشاور بھی کورونا کے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔

واضح ہے کہ وزارت تعلیم نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب مُلک میں کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اِن ڈور شادی کی تقریبات پر 20 نومبر سے 31 جنوری 2021 تک پابندی عائد کردی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button