کورونا دوسری لہر، ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ
وزارت تعلیم نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں وزارت صحت کے حکام نے کورونا کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق وزرائے تعلیم کانفرنس میں شرکاء نے اتفاق کیا کہ موجودہ صورتحال میں تعلیمی اداروں کو بند کرنے کی ضرورت نہیں لہٰذا ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آٹھویں، نویں اور دسویں کے بورڈ امتحانات پرکوئی فیصلہ نا ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی جبکہ موسم سرما کی کم سے کم تعطیلات یا نا کرنے کا فیصلہ صوبوں کے جغرافیہ پر منحصر ہو گا۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے آغاز کے بعد این سی او سی نے سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے جس کے تحت کاروباری مراکز، شادی ہالز اور ریسٹورینٹس رات 10 بجے بند کیے جا رہے ہیں جب کہ شہریوں کو لازمی طور پر ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ آج ہی وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ سال سے پرائمری سکول کے طلبا و طالبات کو وسیلہ تعلیم کے تحت سہ ماہی وظیفہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب ملک میں کورونا کی دوسری لہر میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ 26 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔