کورونا :ملک میں 3 ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں
ملک میں کورونا کی دوسری لہر میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ 26 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی سرکاری ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 32376 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 1302 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 26 افراد انتقال کرگئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں تین ماہ بعد ایک روز کے دوران یہ کورونا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔
اس سے قبل 31 جولائی کو پاکستان میں ایک روز کے دوران کورونا سے 27 افراد انتقال کرگئے تھے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 6893 ہوگئی ہے جب کہ مجموعی کیسز 3 لاکھ 38875 تک جا پہنچے ہیں۔
اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 605 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔