قیدیوں کی سزاؤں میں ایک ماہ کی کمی کردی گئی
عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں ملک بھر میں قیدیوں کی سزاؤں میں ایک ماہ کی کمی کردی گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے محکمہ داخلہ کو مراسلہ جاری کردیا۔ مراسلہ سزاؤں میں کمی کا اطلاق کرنے کےلئے بھیجا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق صدر مملکت نے عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں خصوصی کمی کا اعلان کیا ہے۔ کرپشن اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے، دہشتگردی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں کے علاوہ تمام قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کی گئی ہے۔
کمی کا فائدہ اٹھانے والوں میں سزا کا دو تہائی حصہ مکمل کرنے والے، 65 سال سے زائد عمر کے قیدی، سزا کا ایک تہائی حصہ مکمل کرنے والی 60 سال سے زائد عمر کی خواتین اور بچوں کے ہمراہ قید خواتین شامل ہیں۔ ایک ماہ کی معافی کا فائدہ عمر قید کے تمام قیدیوں کو بھی ہوگا۔ معافی کا اطلاق جاسوسی، دہشتگردی، قتل، زنا، ڈکیتی، اغواء اور ریاست مخالف سرگرمیوں کے قیدیوں پر نہیں ہوگا۔