آج پورے ملک میں جشن میلاد النبیﷺ مذہبی جوش اور جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے
ملک بھر میں جشن میلاد النبیﷺ بھرپور مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ آج منائی جا رہی ہے جب کہ حکومت کی جانب سے وفاقی و صوبائی سطح پر پورا ہفتہ عاشق رسول کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ بھرپور مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ آج منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں گلیوں اور بازاروں کو دلہن کی طرح سجادیا گیا ہے، نبی کریم ﷺ سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں تمام گلی محلوں سے چھوٹے بڑے جلوس نکالے جائیں گے جبکہ عاشقان رسولﷺ کی جانب سے مختلف تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔
جشن عیدمیلادالنبیﷺپرتوپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا،اسلام آباد میں 31توپوں جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی گئی۔
دریں اثناء حضور نبی پاکؐ کے یوم ولادت کے سلسلہ میں قومی رحمۃ اللعالمینؐ کانفرنس آج ہو گی۔ رواں سال کانفرنس کا موضوع ’’ ماحولیاتی آلودگی اور ہماری ذمہ داریاں سیرت النبیؐ کی روشنی میں‘‘ ہو گا۔ دارالحکومت مظفرآباد میں ایوان صدر، ایوان وزیراعظم، سیکرٹریٹ ہاؤس سمیت تمام سرکاری عمارات پر چراغاں اورقومی پرچم،جھنڈیاں اور سبزگنبدوالے پرچم لہرائے گئے ہیں۔
صدر مملکت عارف علوی نے عید میلادالنبی ؐکے موقع پر اپنے پیغام میں کہا’’ ہمیں اسلاموفوبیا سے نمٹنے اور اسلام کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنے کیلئے حضور اکرم ؐ کی حیات طیبہ اور قرآن پاک کے پیغام کو دنیا بھرمیں عام کرنا ہو گا۔
وزیر اعظم نے قوم کومبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ آپ خاتم النبیین ؐ کی بے مثل تعلیمات رہتی دُنیا تک کے نظاموں اور انسانوں کیلیے مشعل راہ ہیں۔