آذربائیجان میں آرمینیا کے خلاف پاکستانی فوج کے لڑنے کی خبریں بے بنیاد قرار
ترجمان دفتر خارجہ نے آذربائیجان میں آرمینیا کے خلاف پاکستانی فوج کے لڑنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ آذربائیجان میں آرمینیا کے خلاف پاکستانی فوج کے لڑنے کی رپورٹس اور اطلاعات انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نگورونو کاراباخ کے خطے میں سیکیورٹی کی بگڑتی صورتحال پر سخت تشویش ہے، آذربائیجان کی شہری آبادی پر آرمینیائی فوج کی گولہ باری قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ پاکستان نگورونو کاراباخ سے متعلق آذربائیجان کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے، نگورونو کاراباخ پر آذربائیجان کا مؤقف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متفقہ قراردادوں کے مطابق ہے۔
ترجمان مزید کہا کہ خطے میں امن وسلامتی کو لاحق خطرات سے بچنے کے لیے آرمینیا کو کارروائی روکنا ہوگی۔
خیال رہے کہ ‘نگورونو کاراباخ’ کا علاقہ باضابطہ طور پر آذربائیجان کا حصہ ہے لیکن آرمینیا کے نسلی گروہ نے 1990 کی جنگ میں آرمینیا کی مدد سے یہاں قبضہ کرلیا تھا اور اب یہ آرمینیائی فوج کے کنٹرول میں ہے۔ آرمینیائی اور آذربائیجان کی فوجوں کے درمیان اکثر اس علاقے میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے، رواں سال جولائی میں بھی اسی طرح کے ایک تصادم میں دونوں جانب کے 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔