دو ریا میںگاڑی سے سابق کور کمانڈر کراچی کی لاش برآمد
کراچی کے علاقے دو دریا کے قریب سے گاڑی سے لاش برآمد ہوئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاش سابق کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مظفر علی عثمانی کی ہے، پولیس نے مظفر عثمانی کی گاڑی کو تحویل میں لے کر لاش پی این ایس شفا منتقل کردی ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق مظفر عثمانی کا انتقال گاڑی چلاتے ہوئے ہارٹ اٹیک سے ہوا ہے۔
واضح رہے کہ مظفر عثمانی سال 1999 میں لگنے والے مارشل کے دوران کور کمانڈر کراچی تھے۔ انہیں ان کی بہترین پیشہ وارانہ خدمات پر ہلال امتیاز ملٹری سے بھی نوازا گیا۔
ریٹائرڈ مظفر عثمانی سال 1966 سے 2001 تک پاک فوج سے وابستہ رہے اور لیفٹننٹ جنرل کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ وہ وائس چیف آف جنرل اسٹاف اور کور کمانڈر بہاول پور جیسے اہم عہدوں پر بھی تعینات رہے۔
مظفر عثمانی 1944 میں مراد آباد بھارت میں ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہوئے، آپ مفتی اعظم پاکستان تقی عثمانی کے عزیز تھے، آپ نے تین سال کی عمر میں اپنے گھر والوں کے ساتھ 1947 میں پاکستان ہجرت کی۔
1966 میں آپ نے پی ایم اے 36 میں کامیاب ہو کر پاک فوج کی فرنٹیر فورس رجمنٹ میں آرمڈ بٹالین میں شمولیت اختیار کی۔ آپ نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ سے گریجویشن کیا۔
اس کے علاوہ رائل کالج آف ڈیفینس برطانیہ سے تعلیم حاصل کی، کچھ عرصہ آپ سعودی عرب میں بھی تعینات رہے، آپ کے لیفٹیٹنٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے کے بعد پاک فوج کی دو کورز کراچی اور بہاولپور آپ کے زیرکمان رہے۔
بعد میں آپ کو ڈپٹی چیف آف آرمی سٹاف بنا دیا گیا جس سے آپ 2002 میں ریٹائرڈ ہوئے۔