ایس او پیز کی خلاف ورزی پرمزید 13 تعلیمی ادارے بند
کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تیار کی گئی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر ملک بھر میں مزید13 تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹےکے دوران13 تعلیمی ادارے بند کیے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے 10 اورسندھ میں 3 تعلیمی ادارے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بند کیے گئے ہیں۔
محکمہ صحت خیبرپختونخوا کےمطابق صوبے کے بعض تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ سکولز کو بند کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے۔
پشاور، ضلع ٹانک اور دیربالا میں سرکاری سکولز بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 15 ستمبر کو 14 اضلاع کے سکولز سے ایک ہزار236نمونے لیے گئے تھے۔ 13 سکول ٹیچرز میں کورونا ٹیسٹ مثبت اور 623 کےمنفی آئے تھے۔600کورونا ٹیسٹوں کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔
پشاور کے نجی سکول میں بھی کورونا کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔ محکمہ صحت نے 2 سکول اور2 کلاس رومز کو 5 دنوں کے لیے بند کرنے کی سفارش کی ہے۔ متاثرہ سکولزمیں 7 اساتذہ میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، کورونا سے متاثرہ اساتذہ کو گھروں میں قرنطین کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز بھی پاکستان میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر22 تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا تھا۔خیبرپختونخوا کے16، اسلام آباد میں ایک اور آزاد کشمیر میں 5 تعلیمی ادارے بند کیے گئے تھے۔ سندھ کے ضلع مٹیاری کے 2 کالجز کو بھی 8 سٹاف ممبر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنےپر بند کردیا گیا تھا۔
یادرہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث بند سکول15 ستمبر کو کھولے گئے ہیں۔ صوبائی اور ضلعی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں ایس او پیز پر عمل درآمد کی نگرانی کر رہی ہیں۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تعلیمی اداروں کو بند کیا جائے گا اور جرمانے ہوں گے۔