موٹر وے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کیس میں 7 مشتبہ افراد کا ڈی این اے ٹیسٹ
پنجاب کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون سے جنسی زیادتی کیس میں 7 مشتبہ افراد کا ڈی این اے ٹیسٹ کرالیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہو گئی ہے جس کے بعد تین کھوجیوں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے 5 کلومیٹر علاقے میں سرچ اینڈ سوئپ آپریشن کیا جس میں 20 کے قریب مشتبہ لوگوں کو حراست میں لے کر تفتیش کی گئی جب کہ 7 افراد کا ڈی این اے بھی کرایا گیا۔
پولیس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ایسٹرن بائی پاس پر جس جگہ خاتون کی گاڑی کھڑی تھی وہاں کوئی باڑ نہیں تھی، سی سی ٹی وی فوٹیجز سے بھی کوئی مدد نہیں ملی تاہم تین مقامات کی جیو فینسنگ کرکے ریکارڈ یافتہ ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
9 ستمبر کو مذکورہ خاتون کو لاہور کے علاقے گجرپوری میں موٹروے پر اس وقت اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا جب اس کی گاڈی خراب ہونے کے بعد بند ہوگئی تھی اور وہ پولیس کے مدد کا انتظار کر رہی تھی۔
اطلاعات کے مطابق دو افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو نکالا، موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر سب کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور پھر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ایف آئی آر کےمطابق گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی خاتون رات کو تقریباً ڈیڑھ بجے اپنی کار میں اپنے دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ واپس جا رہی تھی کہ رنگ روڈ پر گجر پورہ کے نزدیک اسکی کار کا پیٹرول ختم ہو گیا۔
کار کا پٹرول ختم ہونے کے باعث موٹروے پر گاڑی روک کر خاتون شوہر کا انتظار کر رہی تھی، پہلے خاتون نے اپنے ایک رشتے دار کو فون کیا، رشتے دار نے موٹر وے پولیس کو فون کرنے کا کہا۔
جب گاڑی بند تھی تو خاتون نے موٹروے پولیس کو بھی فون کیا مگر موٹر وے پولیس نے مبینہ طور پر کہا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق موٹروے ہیلپ لائن پر خاتون کو جواب ملا کہ گجر پورہ کی بِیٹ ابھی کسی کو الاٹ نہیں ہوئی۔
ایف آئی آر کے مطابق اتنی دیر میں دو مسلح افراد موٹر وے سے ملحقہ جنگل سے آئےاور کار کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اس کے بچوں کو نزدیک جنگل میں لے گئے جہاں ڈاکوؤں نے خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔
خاتون کی حالت خراب ہونے پر اسے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے ۔ خاتون کی طبی ملاحظے کی رپورٹ فرانزک کے لیے بھجوا دی گئی ہے جبکہ خاتون کے رشتے دار کی مدعیت میں پولیس نےمقدمہ درج کر لیا ہے۔