قومی

ملک بھر میں بارشوں سے 219 افراد جاں بحق، 91 اموات کے ساتھ خیبر پختونخوا سرفہرست

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ملک بھر میں 219 افراد جاں بحق جب کہ 158 زخمی ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے حالیہ مون سون سیزن کے دوران بارشوں و سیلابی تباہ کاریوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات جاری کردی ہیں جس کے مطابق بارشوں و سیلابی تباہ کاریوں کے نتیجے میں 219 افراد جاں بحق جبکہ 158 زخمی ہوئے۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 15 جون سے اب تک بارش و سیلابی تباہ کاریوں کے نتیجے میں سب سے زیادہ خیبر پختونخوا میں 91 افراد جاں بحق ہوئے، سندھ میں 84، بلوچستان میں 19، پنجاب میں 16، آزاد کشمیر میں 10 جبکہ گلگت بلتستان میں 11 افراد جاں بحق ہوئے۔

بارش و سیلابی تباہ کاریوں کے نتیجے میں ملک بھر میں 158 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں 37 کم عمر بچوں سمیت 25 خواتین و 96 مرد شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں سے ملک بھر میں 10 سڑکیں، 10 پل، 2 ہوٹل، 3 دکانیں، 5 مساجد اور 6 پاور ہاؤسز کو بھی نقصان پہنچا جبکہ اس دوران 1340 مکانات کو مکمل جبکہ 1040 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔

دوسری جانب ہزارہ ڈویژن میں حالیہ طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔

ٹی این این کو موصول رپورٹ کے مطابق مختلف واقعات میں 27 افراد جاں بحق، 5 مساجد بھی شہید جبکہ سینکڑوں مکانات زمین بوس ہو گئے، لینڈ سلائیڈنگ سے 25 بڑے روڈ تباہ جبکہ 24 رابطہ پل اور 100 سے زائد جانوروں کے باڑے سیلابی ریلوں کی نذر ہو گئے، بالائی علاقوں میں بجلی کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہوگیا ہے جس کے باعث لاکھوں آبادی پر مشتمل علاقے تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں، بعض علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل ہو  گئی ہے،

دوسری جانب بارشوں کے دوران بڑی تعداد میں لوگ لکڑیاں پکڑنے کیلئے دریاؤں اور ندی نالوں کا رخ کرتے ہیں اور لکڑیاں پکڑتے وقت سیلابی ریلے کی نذر ہو جاتے ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس معاملے میں انتہائی سست روی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے قیمتی انسانوں کے جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہی ہے، 27 اموات نے ہزارہ ڈویژن میں خوف کا عالم طاری کر رکھا ہے اور عوام نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہزارہ ڈویژن کو آفت ضلع قرار دیتے ہوئے متاثرین کی بحالی کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات شروع کئے جائیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button