برٹش ایئر ویز نے پاکستان کا فضائی آپریشن بحال کر دیا
برٹش ایئر ویز نے پاکستان کا فضائی آپریشن بحال کردیا ہے۔
برٹش ایئرویز کی پرواز بی اے 261 لندن سے ایک سو سے زائد مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی جہاں اس حوالے سے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، برطانوی سفارت خانے کے حکام نے ایئرپورٹ پر انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔
قبل ازیں جولائی کے آخری ایام میں برٹش ایئرویز نے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پاکستانی حکام سے انتطامات مکمل کرنے سے متعلق یقین دہانی کرانے کی درخواست بھی کی تھی۔
برٹش ایئر ویز کی جانب سے اسلام آباد ایئرپورٹ مینجر کو کی گئی ای میل میں انتظامات کے حوالے سے تفصیلات مانگی گئی تھیں۔
ای میل کے متن کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر صفائی اور دیگر سہولیات شروع کرنے کے بارے میں تفصیلات طلب کی گئیں اور یہ بھی تحریر کیا گیا کہ برٹش ایئرویز کے زیر استعمال گیٹ اور لاؤنجز کی صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔
برٹش ایئر ویز کی جانب سے کی گئی ای میل میں متعلقہ حکام سے کہا گیا تھا کہ جہاز سے منسلک فکس بریجز استمال کرنے کے لیے محفوظ ہونے کی تصدیق کی جائے۔
برٹش ایئر ویز اسلام آباد کے لیے ہفتے میں تین پروازیں آپریٹ کرے گی۔ برٹش ایئرویز نے کورونا کے باعث پاکستان کا فضائی آپریشن بند کر رکھا تھا۔
قبل ازیں پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی ائی اے) نے نو جولائی سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے لیے فضائی آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی ائی اے پہلے متحدہ عرب امارات میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے یک طرفہ پروازیں چلا رہا تھا۔اب مسافر پی آئی اے کے ذریعہ پاکستان سے بھی دبئی، شارجہ، ابوظہبی اور العین کےلئے سفر کرسکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام مسافروں کو پرواز کی روانگی کے اڑتالیس گھنٹوں کے اندر کرونا ٹیسٹ کرانا لازم ہوگا اور منفی رپورٹ بورڈنگ کے وقت پیش کرنا ہوگی۔