طارق جمیل اور ریشم سمیت 184 شخصیات کیلئے پاکستان سول ایوارڈز کا اعلان
پاکستان کے صدر نے 14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے 184 شخصیات کے لیے سول ایوارڈ کا اعلان کر دیا۔
ذرائع کے مطابق سول ایوارڈز بہترین خدمات دینے والے ملکی و غیرملکی شخصیات کو دیئے جائیں گے، فہرست کے مطابق 184 شخصیات کو ان ایوارڈز کے لیے چنا گیا ہے، یہ سول ایوارڈ اگلے سال یوم پاکستان پر دیئے جائیں گے۔
صدرمملکت عارف علوی نے 6 شخصیات کو نشان امتیاز عطا کرنے کا اعلان کیا ہے، نشان امتیاز پانے والوں میں صادقین نقوی، پروفیسر شاکر علی، ظہور الحق مرحوم اور عابدہ پروین، ڈاکٹرجمیل جالبی، محمد جمیل خان مرحوم اور احمد فراز مرحوم شامل ہیں جبکہ پروفیسر ڈاکٹر انوار الحق حسن گیلانی، ڈاکٹر آصف محمود کو ہلال امتیاز دیا جائے گا۔
صدرمملکت نے 2 غیرملکی شخصیات کو ستارہ امتیاز عطا کرنے کا اعلان کیا ہے، چینی شخصیت جیک ما کو پاکستان کیلئےخدمات پر ہلال قائداعظم عطا کیا جائے گا جبکہ کوریا کے کیوجیونگ لی اور کینیڈا کی سلما عطااللہ جان کو ستارہ پاکستان دیا جائے گا۔
صدر پاکستان نے 24 شخصیات کو ستارہ شجاعت دینے کا اعلان بھی کیا ہے، ستارہ شجاعت پانے والوں میں جواد قمر، صفیہ شہید، حیات اللہ، ملک سردار خان شہید، ممتاز خان داوڑ، حیات اللہ داوڑ خان داوڑ ہرمز شہید، ملک محمد نیازخان شہید، سپاہی اختر خان شہید، محمد نوید صادق شامل ہیں۔
صدر پاکستان کی جانب سے 27 شخصیات کو ستارہ امتیاز عطا کیا جائے، اداکارہ بشریٰ انصاری اور اداکار طلعت حسین کیلئے ستارہ امتیاز کا اعلان کیا ہے جبکہ رائٹر فاروق قیصر، سابق کرکٹر عبدالقادر مرحوم کو بھی ستارہ امتیاز عطا کیا جائے گا۔
اداکارہ ریشم، اداکار ہمایوں سعید، سکینہ سموں، گلوکار محمد علی شیکی، علی ظفر، مہہ جبین قزلباش کو تمغہ حسن کارکردگی دینے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ نعیم بخاری کو بھی ستارہ امتیاز دیا جائے گا۔
صدر کی جانب سے 44 شخصیات کو صدارتی تمغہ حسن کارکردگی عطا کیا جائے گا، جن میں مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل بھی شامل ہیں۔
پاکستان کیلئےخدمات پر چینی شخصیت ینگ یانگ،لی فنگران کیلئے ستارہ قائداعظم کا اعلان کیا ہے جبکہ ترکی کے ڈاکٹر سیلل سوئیڈان، برطانوی شہری طارق شفیع مرحوم اور فیصل رشید کو بھی ستارہ قائداعظم دیا جائےگا۔
پاکستان کیلئےخدمات پر امریکی شہری رچرڈ جیری ہاروٹز کو ستارہ خدمت اور ڈنمارک کی مس جینی ٹیلر کو تمغہ پاکستان عطا کیا جائے گا۔
23 پاکستانی شخصیات کو تمغہ شجاعت بھی دینے کا اعلان کیا گیا ہے، تمغہ شجاعت پانے والوں میں شکیلہ ناز شہید، شاہد علی شہید، احمد افتخار شہید، خداریار شہید، حسین علی شہید شامل ہیں۔
عارف علوی نے 46 شخصیات کو تمغہ امتیازعطا کرنے کا اعلان کیا ہے، تمغہ امتیاز پانے والوں میں اداکارہ زیبا شہناز بھی شامل ہیں جبکہ تھائی لینڈ کے انومت امات کو پاکستان کیلئے خدمات پر تمغہ قائداعظم دیا جائے گا۔