مریم نواز کی نیب میں پیشی:لیگی کارکنان، پولیس گتھم گتھا، پتھراؤ اور شیلنگ
مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی پیشی سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) کے باہر ہنگامہ آرائی کی وجہ سے علاقہ میدان جنگ بن گیا۔
نیب آفس کے باہر ن لیگی کارکنوں کو آگے جانے سے روکنے پرپولیس اور ن لیگی کارکنان میں دھکم پیل ہوئی جب کہ لیگی کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ جس کے جواب میں پولیس نے بھی پتھراؤ اورشیلنگ کی۔
نیب لاہور نے مریم نواز کو رائے ونڈ میں خلاف قانون اور خلاف ضابطہ اراضی انتہائی سستے داموں خریدنے کے معاملے میں انکوائری کے لیے طلب کر رکھا تھا لیکن نیب دفتر کے باہر کشیدگی کی وجہ سے نیب نے مریم نواز کو واپس جانے کا کہہ دیا لیکن مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز واپس جانے کی بجائے جاتی امرا رائے ونڈ سے ایک جلوس کی شکل میں نیب آفس پہنچیں۔
اس دوران پولیس کی جانب سے روکنے کی کوشش پر ن لیگی کارکن مشتعل ہوگئے جس کے بعد کارکنوں نے رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔ نیب آفس کے باہر پولیس اور مظاہرین میں دھکم پیل ہوئی جب کہ ن لیگ کے کارکنوں کی گاڑیوں میں پتھروں سے بھرے تھیلے بھی دیکھے گئے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ انہیں بلایا گیا ہے تو اب سنا جائے، انہیں واپس جانے کے پیغامات ملے ہیں لیکن وہ نہیں جائیں گی۔ کچھ ہی دیر بعد نیب نے اس حوالے سے ایک اعلامیہ بھی جاری کیا جسے پڑھنے کے بعد مریم نواز وہاں سے روانہ ہو گئیں۔
نیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مریم نواز کو ذاتی حیثیت میں مؤقف دینے کے لیے بلایا گیا تھا مگر مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے منظم انداز میں غنڈہ گردی کرتے ہوئے پتھراؤ اور بدنظمی کا مظاہرہ کیا۔ نیب نے مسلم لیگ کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرنے فیصلہ کیا ہے۔
نیب اعلامیہ پڑھنے کے بعد جب مریم نواز وہاں سے روانہ ہوئیں تو پولیس نے وہاں موجود ن لیگی کارکنوں کو گرفتار کرنا بھی شروع کر دیا۔