کورونا وباء، امریکہ نے پاکستان کو مزید 100 وینٹی لیٹرز فرایم کر دیئے

حکومت امریکہ نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) کے توسط اور نیشنل ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) پاکستان کی شراکت سے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں مدد کے لیے ایک سو سانس لینے میں معاون وینٹی لیٹرز کی دوسری کھیپ پاکستان کو فراہم کر دی ہے۔

مذکورہ وینٹی لیٹرز گزشتہ روز اسلام آباد پہنچے ہیں اور ان کو پاکستان بھر کے مختلف ہسپتالوں میں نصب کیا جائے گا۔

وینٹی لیٹرز کی آمد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان سے کیے گئے اس وعدہ کی تکمیل ہے کہ مشکل گھڑی میں پاکستان کے عوام کا ساتھ دیا جائے گا اور اشد ضرورت کی ترسیلات کو یقینی بنا کر کرونا وائرس کی وبا کے سَدِ باب کی ہنگامی کوششوں میں پاکستان کی مددکی جائے گی۔

اس سے قبل 100 وینٹی لیٹرز کی کھیپ 3 جولائی کو پاکستان پہنچی تھی جو کہ ملک بھر کے مختلف ہسپتالوں اور صحت کے مراکز میں فراہم کیے جا چکے ہیں۔

اس حوالے سے امریکی ناظم الامور سفیر پال جونز نے کہا کہ اس موذی وبا کے حملے کو روکنے کے لیے امریکہ کو پاکستان کے ساتھ اپنے اشتراک پر فخر ہے اور ان وینٹی لیٹرز کی فراہمی کرونا کے خلاف جنگ میں مددگار ثابت ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ وینٹی لیٹرز اس مہلک بیماری میں مبتلا ہونے سے پہلے سانس کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کے لیےشدید بیمار ہونے سے قبل غیر پیچیدہ علاج فراہم کرتے ہیں تاکہ شدید معالجہ سے بچا جا سکے۔ اس کے علاوہ یہ وینٹی لیٹرز کووڈ-۱۹ وائرس کے علاوہ دیگر بیماریوں کے علاج جیسا کہ نمونیا اور سانس میں شدید دشواری کی بیماری "سی او پی ڈی” شامل ہیں میں بھی کارآمد ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی اور وفاقی و صوبائی وزارت ہائے صحت کے اشتراک اور یو ایس ایڈ کی مالی معاونت سے تیار کردہ خصوصی تربیتی پروگرام کے نتیجہ میں پاکستان کووڈ-۱۹ اور سانس سے منسلک دیگر بیماریوں سے لڑنے کے لیے تیار ہو جائے گا۔

امریکہ اور پاکستان کی شعبہ صحت میں دیرینہ شراکت داری پاکستان کی لیبارٹری تشخیص، وباء کی نگرانی، متاثرہ افراد کی نشاندہی، انفیکشن سے بچاؤ اور قابو پانے کے اقدامات اور مریضوں کی دیکھ بھال سمیت مختلف اقدامات کے ذریعہ کرونا سے لڑنے کے لیے پاکستان کی استعداد کار کو تقویت دے رہی ہے۔

کووڈ-۱۹ سے نمٹنے کے لیے نئی فنڈنگ کی مد میں امریکہ اس دن بہ دن پروان چڑھتی کلیدی شراکت میں اٹھائیس ملین ڈالر کی نئی فنڈنگ فراہم کر چکا ہے۔

Show More

جواب دیں

Back to top button
Close