قومی

18ماہ بعد حکومت پاکستان نے افغان طلباء کیلئے فنڈز جاری کر دیئے

حکومت پاکستان نے ملک میں زیرتعلیم افغان طلباء کے لئے علامہ محمد اقبال سکالرشپ کیلئے فنڈز جاری کر دیئے۔

ذرائع کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن، جس کے زیرانتظام یہ پروگرام چلایا جاتا ہے، کو گذشتہ ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ سے فنڈز جاری نہیں کئے گئے تھے جس کی وجہ سے یہ پروگرام تعطل کا شکار رہا ہے۔

اس حوالے سے افغانستان کے لئے پاکستان کے خصوصی ایلچی محد صادق کا اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان کے سکالرشپ پروگرام کے تحت پاکستان میں زیرتعلیم افغان طلباء کے لئے 9 اعشاریہ تین ملین ڈالر جاری کئے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا گذشتہ کئی ماہ سے فندز کی عدم دستیابی کے باعث یہ پروگرام وسائل کی کمی کا شکار تھا۔

خیال رہے کہ یہ سکالرشپ میڈیسن، انجینئرنگ، زراعت۔ منیجمنٹ اور کمپیوٹر سائنس سمیت مختلف شعبہ جات میں زیرتعلیم افغان طلباء کو جاری کی جائے گی۔

اس حوالے سے افغان سفارتخانے کے فرسٹ سیکرٹری احمد شاکر قرار کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ سال سے تعطل کے شکار فندز کے اجراء کا خیرمقدم کرتے ہیں، ایچ ای سی کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ یہ رقوم جلد جامعات کو جاری کر دی جائیں گی تاکہ افغان طلباء کو بروقت مل سکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افغان سفارت خانہ ایچ ای سی اور دفتر خارجہ کے ساتھ ایک سہل طریقہ کار وضع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب افغان طلبہ نے بھی حکومت پاکستان کے اس اقدام کو سراہا  ہے اور امید طاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی افغان طلباء اس  پروگرام سے مستفید ہوتے رہیں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button