کرغزستان میں انسانی سمگلروں کا گروہ متحرک ہوچکا ہے: پاکستانی سفارتخانہ
کرغزستان میں موجود پاکستانی سفارتخانے نے پاکستانی عوام کو مطلع کیا ہے کہ انسانی سمگلروں کا ایک گروپ کرغزستان میں بیٹھ کر فیس بک کے ذریعے کینیڈا، آسٹریلیا، جاپان اور یورپ کے مختلف ممالک کے ویزہ لگانے کا وعدہ کرتے ہیں جو سب دھوکہ باز اور جعلساز ہیں ان لوگوں کی چال میں مت آئیں۔
سفارتخانے سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پچھلے سال پاکستانی سفارتخانہ بشلیک نے تین پاکستانیوں کو جو ان انسانی سمگلروں کے چنگل میں پھنس کرگرفتار ہوگئے تھے، کو عدالت سے کیس لڑکرواپس پاکستان بھجوایا تھا اور اس طرح ان پاکستانیوں کا ہزاروں ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ باخبرذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ انسانی سمگلروں کا یہ گروپ ایک بارپھرمتحرک ہوا ہے اور ہوائی رابطہ بحال ہونے کے بعد کچھ پاکستانیوں کو کینیڈا، یوکرائن اور دیگرممالک کے ویزے کا جھانسا دے کرکرغزستان بلانے کا منصوبہ بنارہے ہیں، پاکستانی سفارتخانہ بشلیک تمام پاکستانیوں سے التماس کرتا ہے کہ اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ شیئرکریں تاکہ مزید پاکستانی ان لوگوں کی جعلسازی اور دھوکہ دہی سے بچ سکیں۔