احساس پروگرام کے تحت تقسیم کئے گئے رقم کی تفصیلات جاری
کورونا وبا کے باعث معاشی طور پر متاثرہ افراد کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے شروع کردہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں 153 ارب 55 کروڑ روپے جاری کئے جاچکے ہیں۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کئے گئے ڈیٹا کے مطابق اب تک ملک بھرمیں ایک کروڑ 26 لاکھ 89 ہزار سے زائد افراد میں رقم تقسیم کی جاچکی ہے جس میں 153 ارب 55 کروڑ روپے سے زائد رقم مستحقین میں تقسیم کی گئی ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ پنجاب میں 57 لاکھ 58 ہزار سے زائد افراد میں 69 ارب 68 کروڑ روپے تقسیم کیے گئے اور بلوچستان میں 6 لاکھ 36 ہزار سے زائد افراد میں 7 ارب 73 کروڑ روپے تقسیم کیے گئے۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں 21 لاکھ 60 ہزار سےزائد افراد میں 26 ارب 23 کروڑ، سندھ میں 37 لاکھ 69 ہزار سے زائد افراد میں 45 ارب 46 کروڑ، آزادکشمیر میں 2 لاکھ 5 ہزار سے زائد افراد میں 2 ارب 51 کروڑ اور گلگت بلتستان میں 90 ہزار سے زائد افراد میں ایک ارب 10 کروڑ روپے سے زائد رقم تقسیم کی گئی جب کہ اسلام آباد میں 66 ہزار سے زائد افراد میں 80 کروڑ روپے سے زائد رقم تقسیم کی گئی۔
احساس پروگرام کا آغاز وزیراعظم عمران خان نے یکم اپریل 2020 کو کیا تھا جس کے تحت کورونا وبا کے دوران مشکلات میں پھنسے بے بس لوگوں کو فی خاندان 12 ہزار روپے فراہم کئے جا رہے ہیں۔