پاکستان میں کورونا بے قابو، مزید 46 جاں بحق، تعداد 4 ہزار 144 تک پہنچ گئی
دنیا بھر میں ایک کروڑ لوگوں کو متاثر اور 5 لاکھ کے قریب اموات کا سبب بننے والے مہلک نوول کورونا وائرس کے پاکستان میں پھیلاؤ کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ روز بھی مزید کیسز اور اموات سامنے آئی ہیں، نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں مجموعی متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 5 ہزار 134 جبکہ اموات 4 ہزار 144 تک پہنچ گئی ہیں، ملک میں آج کورونا وائرس کے 3720 نئے کیسز اور 46 اموات رپورٹ ہوئیں۔
خیبر پختونخوا سے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 398 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 25 ہزار 778 ہو گئی، مزید 8 افراد جاں بحق ہو گئے، محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 922 ہو گئی ہے۔
صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 179 نئے کیسز اور 26 اموات کا اضافہ ہوا, وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھٹنوں کے دوران 9 ہزار 244 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2 ہزار 179 کے نتائج مثبت آئے، اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد 80 ہزار 446 تک پہنچ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 26 افراد انتقال بھی کر گئے جس سے یہ تعداد 1269 تک پہنچ گئی ہے۔
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1322 نئے کیسز اور 17 اموات رپورٹ ہوئیں، سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 322 لوگ متاثر ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 74 ہزار 202 ہو گئی، اس کے علاوہ صوبے میں مزید 17 افراد زندگی کی بازی ہار گئے یوں اب تک وہاں اموات 1673 تک پہنچ گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 189 افراد کو متاثر کیا جبکہ 2 افراد کی جان لے لی، اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثر ہونے والے ان افراد کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 12 ہزار 395 تک پہنچ گئی۔علاوہ ازیں وہاں مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اموات کی مجموعی تعداد 120 سے بڑھ کر 122 ہو گئی۔
گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی گئی اور ایک روز میں 6 نئے کیسز اور ایک اموات کا اضافہ ہوا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے، یوں مجموعی کیسز کی تعداد 1417 سے بڑھ کر 1423 ہو گئی۔ ادھر آزاد کشمیر میں کورونا وائرس نے مزید 24 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی جس کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار 3 سے بڑھ کر ایک ہزار 27 ہو گئی تاہم جس طرح ملک میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آرہے ہیں اسی طرح صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 5 ہزار 718 لوگ اس وائرس سے مکمل شفایاب ہو گئے، اس طرح پاکستان میں ان 4 ماہ سے زائد کے عرصے میں کورونا وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد 86 ہزار 906 سے بڑھ کر 92 ہزار 624 ہو گئی۔