ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کےلئے تحریک انصاف حکومت متحرک
وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم کے مطالبات کو درست قرار دیتے ہوئے اپنی اتحادی جماعت کے تحفظات کو دور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کی جانب سے وفاقی کابینہ سے علیحدگی کے اعلان کے بعد تحریک انصاف کی حکومت متحرک ہو گئی اور حکومتی اراکین نے ایم کیو ایم رہنماؤں سے ایک بار رابطے شروع کر دیئے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی کی پریس کانفرنس کے بعد گورنر عمران اسماعیل نے ایم کیو ایم رہنماؤں فیصل سبزواری اور خواجہ اظہار الحسن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایم کیو ایم رہنماؤں نے گورنر سندھ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جب کہ گورنر سندھ نے ایم کیو ایم کے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
دوسری جانب ذرائع وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کی بہترین اور با اعتماد اتحادی ہے، ایم کیو ایم کے مطالبات جائز ہیں، ان کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی معاشی حب ہے اسے کسی صورت نظر انداز نہیں کر سکتے، کراچی کے عوام نے تحریک انصاف پر اعتماد کیا ہے، اسے ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور سندھ کی مقامی لیڈر شپ کو بھی ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات کرنے کی ہدایت کی ہے۔