قومی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران اور سعودی عرب کے دورے پر روانہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی امریکا –ایران کشیدگی اور خطے کی صورتحال کے پیشِ نظر وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ایران اور سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے۔

اس موقع پر وزیر خارجہ کے ہمراہ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی موجود ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دورہ ایران کے دوران اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کریں گے اور ان سے مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

بعدازاں شاہ محمود قریشی 13جنوری کو تہران سے ریاض جائیں گے جہاں وہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن آل سعود سے ملاقات کریں گے۔

سعودی ہم منصب سے ملاقات میں وزیر خارجہ امریکا-ایران کشیدگی سمیت علاقائی امن و استحکام کے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ایران اور سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل وزیر خارجہ نے کہا کہ حالیہ پیش آنے والے واقعاتِ کے تناظر میں خطے کے امن و سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے ، کشیدگی میں کمی لانے اور مسائل کے پرامن حل کے لیے فوری اور اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ و دیگر رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں انہیں موجودہ صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کروں گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تناؤ کی اس کیفیت کو اعتدال پر لانے، کشیدگی میں کمی ل اور سفارتی ذرائع سے مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوششوں کی حمایت کی جائے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے 8 جنوری کو امریکا اور ایران کے مابین پیدا ہونے والے کشیدہ حالات کے پیش نظر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سعودی عرب، ایران اور امریکا کے دوروں کی ہدایت کی تھی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button