خیبرپختونخوا میں آج سے بارشوں اور تیز ہواؤں کا نیا سلسلہ شروع
خیبرپختونخوا میں آج سے بارشوں اور تیز ہواؤں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 30 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا۔ تیز بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی گئی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بارشوں سے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
تیز ہواؤں کی صورت میں میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سایئن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہے۔ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔
حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پر مسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔
دوسری جانب وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ، محکمہ ریلیف، اور ریسکیو سمیت تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان بارشوں کے ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لئے پیشگی انتظامات کئے جائیں۔