لائف سٹائل

دو لاکھ سے زائد درخت لگانے والا منیر خان کون ہے؟

غلام اکبر مروت
لکی مروت سے تعلق رکھنے والا منیر خان ایک سماجی کارکن ہے اور گزشتہ چار سال سے ماحول دوست سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں جب فرنٹیئر کانسٹیبلری میں ملازم تھا تو میں بحیثیت ٹریننگ صوبیدار ڈیوٹی کررہا تھا۔ جب میں شام کے وقت میں فارغ ہوتا تب میں نے پودے لگانے شروع کئے اور دوران ملازمت میں نے دس سال میں بیس ہزار پودے لگائے۔

پھر سال 2020 میں ملازمت سے سبکدوش ہونے کے بعد اپنے لئے دولاکھ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا۔ منیر خان نے بتایا کہ انہوں نے اب تک دو لاکھ اٹھارہ ہزار آٹھ سو پودے لگائے ہیں۔

لیکن جب میں نے دیکھا کہ ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کیلئے دولاکھ درخت کچھ بھی نہیں تو میں نے لا متناہی درخت لگانے کا فیصلہ کیا۔ ہم نے دس لاکھ بیج جمع کئے جس میں تین سو طالب علموں نے بیج جمع کئے۔ ان درختوں میں بکائن(بکنڑہ)، شیشم، بیر، کیکر، سرین شامل تھے۔

ٹی این این کے ساتھ بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ یکم فروری سے پندرہ فروری تک دریائے کرم کے کنارے بکائن اور شیشم کے پانچ لاکھ بیج لگائے ہیں۔ مزید پانچ لاکھ بیج لکی فارسٹ سب ڈویژن کے ایس ڈی ایف او نقیب اللہ خان کے حوالے کئے جو سی پیک کے اطراف میں لگائے جائیں گے۔

مروت کینال کے کنارے شیشم اور بکائن کے پچاس ہزار بیج لگانے کا ہدف ہے جس میں پندرہ رضا کاروں نے اب تک دس ہزار بیج لگائے ہیں۔ جبکہ مزید چالیس ہزار بیج مولانا سیف اللہ مروت کے حوالے کئے ہیں جو ان کی نگرانی میں مروت کینال کے اطراف میں لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم امسال موسم بہار شجر کاری مہم کے دوران مزید پچاس ہزار پودے لگائیں گے۔ ان پودوں میں سایہ دار اور پھلدار شامل ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی سالوں شجر کاری مہم چلارہے تھے۔ لیکن پچھلے سال رضاکاروں کے مشورے سے اپنی تنظیم رجسٹرڈ کی۔ وہ یہ مہم اپنی غیر سرکاری تنظیم سرسبز وشاداب ویلفیئر آرگنائزیشن لکی مروت کے زیر سایہ چلارہے ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ ہماری تنظیم ماحول دوست ہونے کے ساتھ ساتھ انسان دوست بھی ہے کیونکہ ہم تحصیل کی سطح پر غریبوں، بیواؤں، یتیموں اور بے سہاروں کی مدد بھی کرتے ہے۔ ضلعی سطح پر ہم ماحول دوست سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔ ہماری تنظیم کی ماحول دوست سرگرمیوں میں پھل سب کیلئے پروگرام کے تحت بیس ہزار امرود کے پودے لگائے ہیں۔

مقامی پودوں کے جنگلات ری فارسٹریشن آف لوکل سپیشز پروگرام کے تحت اب تک دو لاکھ مقامی سایہ دار پودے لگائے جاچکے ہیں۔ جس میں شیشم، کیکر، بیری، بکائن، غز (کھگل) کے درخت شامل ہیں۔ کیونکہ یہ سب مقامی درخت ہیں اس سے ایکو سسٹم ری سٹور ہوگا۔ مقامی درختوں کی شجر کاری سے مقامی پرندے واپس آئیں گے۔

منیر خان نے مزید بتایا کہ ہم اپنی تنظیم کے توسط سے فرسٹ ایڈ پروگرام کے تحت اب تک 2500 طلبہ اور سول سوساٸٹی ممبران کو تربیت فراہم کر چکے ہیں۔
اس کے علاوہ ہماری تنظیم ماحول بچاؤ ، گھریلو باغبانی، ادویاتی نباتات کی ترقی اور پلاسٹک کی آلودگی کو کم کرنے جیسے پروگرام بھی چلا رہی ہیں۔ سکول ہیلتھ پروگرام 2020 سے مختلف سکولوں میں جاری ہے جس میں طلبہ کو صفائی کی اہمیت کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔

منیر خان کا تعلق لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ کے گاؤں مسلم باغ سے ہے۔ وہ ایک نجی تعلیمی ادارے میں بطور ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button