خیبرپختونخوا میں آج سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان
خیبرپختونخوا میں آج سے بارشوں اور بالائی اضلاع میں برفباری کاسلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے طویل خشک موسم کے بعد خوشخبری سناتے ہوئے بتایا ہے کہ بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں 31 جنوری تک بالائی علاقوں پر موجود رہیں گی۔
اس دوران اسلام آباد ،پنجاب،خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں اور برفباری کا سلسلہ31 جنوری تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے اس ضمن میں تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا ہے۔ بارشوں اور برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شہری علاقوں میں دھند میں کمی کا امکان ہے۔ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاتی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے۔
حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں۔ حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیاجائے۔