لائف سٹائل

خیبر پختونخوا: سال 2023 سیاحت کے لئے کیسا رہا؟

حناء گل

خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات پوری دنیا میں سیاحت کے لئے مشہور ہے جن میں کئی سیاحتی مقامات ایسے بھی ہیں جہاں ہر سال ایک بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح سیر وتفریح کے لئے آتے ہیں۔ ان سیاحتی مقامات میں سوات، کمراٹ، نتھیاگلی، گلیات، ناران، کاغان، چترال اور دیگر علاقے شامل ہیں۔ سیاح ان علاقوں کے خوبصورت مقامات اور حسین نظاروں کے ساتھ موسم سرما میں برفباری اور موسم گرما میں خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں سیاحت کے علاوہ دنیا بھر سے غیر ملکی سیاح اپنے مذہبی رسومات ادا کرنے کے لئے بھی یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ ان مذہبی سیاحوں میں زیادہ تر کا تعلق بدھ مت مذہب سے ہوتا ہے۔ ان مقامات میں ضلع مردان میں واقع تحت بھائی کنڈرات، سوات میں واقع بت کڑہ اور دیگر مقامات شامل ہیں۔

سال 2023میں کتنے سیاحوں نے خیبر پختونخوا کا رخ کیا؟

محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا کے اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری سے 26 دسمبر 2023 تک 1 کروڑ 69 لاکھ، 88 ہزار 496 سیاحوں نے صوبے کا رخ کیا جس میں غیر ملکی سیاحوں کی تعداد 4 ہزار 554 رہی۔ سال 2023 میں سب سے زیادہ سیاح گلیات وادی میں ریکارڈ کئے گئے۔ گلیات میں جنوری سے دسمبر تک 63 لاکھ، 48 ہزار سے زائد سیاح سیر و تفریح کے لئے گئے۔ وادی ناران کاغان میں 50 لاکھ 80 ہزار، مالم جبہ میں 35 لاکھ 49 ہزار سے زائد سیاح ائے۔ دیر اپر اور دیر لوئر میں ایک سال کے دوران 13 لاکھ 80 ہزار 740 سیاح سیرو تفریح کے لئے گئے۔ چترال لوئر میں 5 لاکھ 91 ہزار 330 جبکہ اپر چترال میں 38 ہزار 771 سیاحوں کی آمد ہوئی۔ سب سے زیادہ غیر ملکی سیاح 1 ہزار 624 سیاح چترال لوئر میں ریکارڈ کئے گئے۔ چترال اپر میں 791، دیر اپر اور لوئر میں 417، گلیات میں 237 ، مالم جبہ میں 588 جبکہ ناران کاغان میں 897 غیر ملکی سیاح آئے۔

سال 2022 میں کتنے سیاح خیبرپختونخوا آئے؟

خیبر پختونخوا کے محکمہ سیاحت نے پچھلے سال ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ اپر دیر میں 54، مالم جبہ میں 140، گلیات 145، اپر چترال میں 801، لوئر چترال میں 1616 اور ناران کاغان میں 191 غیر ملکی سیاح آئے۔

رپورٹ کے مطابق 3 لاکھ 22 ہزار 327 سیاح نے اپر دیر کا رخ کیا۔ مالم جبہ میں 18 لاکھ 17 ہزار 172، گلیات میں 40 لاکھ 85 ہزار 251، اپر چترال میں 45 ہزار سے زائد ملکی سیاح آئے تھے۔ اس طرح لوئر چترال میں 3 لاکھ 86 ہزار 940 اور ناران کاغان  میں 22 لاکھ 2 ہزار 803 ملکی سیاح سیر و تفرح کے لئے آئے تھے۔ ملکی سیاحوں کی تعداد 88 لاکھ 59 ہزار636 تھی اور اس طرح غیر ملکی سیاحوں کی تعداد 2 ہزار سے زائد تھی۔

سال 2021 میں کتنے سیاح آئے؟

محکمہ سیاحت خیبرپختو نخوا سے لی گئی اعداد و شمار کے مطابق اگست 2021 سے دسمبر 2021 تک پورے صوبے میں 565 غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ ساتھ 58 لاکھ 348 ملکی سیاحوں نے خیبر پختونخوا کا رخ کیا تھا جس میں کمراٹ وادی میں 1 لاکھ 40 ہزار 148، مالم جبہ میں 12 لاکھ 92 ہزار 194، گلیات میں 26 لاکھ سے زائد، بونی مستوج میں 58 ہزار 766، کیلاش میں 1 لاکھ 85 ہزار 692 اور ناران کاغان میں 15 لاکھ 15 ہزار 485 سیاح شامل تھے۔

سیاحت کے فروغ کے لئے محکمہ سیاحت کے اقدامات

خیبر پختونخوا محکمہ سیاحت کے ترجمان سعد بن اویس نے ٹی این این کو بتایا کہ حکومت خیبر پختونخوا اور محکمہ سیاحت نے صوبے میں سیاحت کی فروغ کے لئے مختلف جگہوں پر کیمپنگ پوڈز بنائے ہیں جس میں گبین جبہ، سلاتنڑ، برواغل، شانگلہ اور دیگر علاقے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سیاحت نے سیاحتی مقامات پر سمالز ڈیمز کے ساتھ ساتھ  چھوٹے چھوٹے پکنک پوائنٹس بھی بنائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹوارزم اتھارٹی کی جانب سے سال 2023 میں چترال کے روایتی فیسٹول چموس کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے شرکت کی جبکہ اس سے پہلے اکتوبر کے مہینے میں پولینڈ سے پاکستان کے دورے پر آئے ٹوورآپریٹرز کیلئے محکمہ سیاحت نے دورہ پشاور شہر کا اہتمام کیا تھا جس میں پشاور شہر کے تاریخی اور سیاحتی مقامات کی سیروتفریح کرائی گئی۔ ان کے بقول دورے کا مقصد غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنا اور صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینا تھا۔ سیاحوں کو تاریخی مسجد مہابت خان، چوک یادگار، گھنٹہ گھر، سیٹھی ہاؤس، ہیریٹیج ٹریل، گورگٹھڑی آثارقدیمہ، تاریخی تعلیمی ادارے اسلامیہ کالج اور پشاور کا مشہور ٹرک آرٹ لے جایا گیا جہاں انہوں نے عجائب گھر، مندروں، برطانوی دور کے فائر ٹینڈرز کا دورہ کیا اور دیگر قدیم مقامات کی سیرو تفریح اور ثقافت دیکھی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button