نوشہرہ میں کوئلے کی کان میں دھماکہ، ایک مزدور جاں بحق
سید ندیم مشوانی
نوشہرہ میں کوئلے کی کان میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک مزدور جاں بحق اور چھ شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق تحصیل پبی شاہ کوٹ کے مقام پر کوئلے کی کان میں مائننگ کے دوران دھماکہ ہوا، ملبے تلے 9 کان کن دب گئے۔
ریسکیو کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوتے ہی دو ریسکیو ایمبولنسز جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مائننگ کے دوران کان گرنے کے باعث 9 مزدور ملبے تلے دب گئے۔ ملبے تلے دبنے والے مزدوروں میں ایک جاں بحق جبکہ چھ افراد زخمی ہوگئے۔ دو مزدروں کو صحیح نکال لیا گیا۔
ریسکیو 1122 ٹیموں کی جانب سے زخمی ہونے والے تمام مزدوروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ریسکیو ایمبولنس میں میاں راشد ہسپتال پبی منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق مزدور کی لاش کو بھی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
مائننگ حادثے کے دوران زخمی ہونے مزدوروں میں خائیستہ عمر 30 سال سكنہ شانگلہ، صلاح الدین عمر 41 سال سكنہ شانگلہ، جہان خان عمر 37 سال سكنہ شانگلہ، جہان بخت عمر 55 سال سكنہ شانگلہ اور دیگر شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ خالد اقبال خٹک نے افسوسناک واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔