لائف سٹائل

افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ

 

افغانستان میں تین روز سے پھنسے درجنوں پاکستانیوں کے حق میں سیاسی کارکنوں نے طورخم نادرا چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرے میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے کارکن شریک ہوئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ درجنوں پاکستانیوں کو پاکستان آتے ہوئے افغان فورسز نے طورخم سرحد پر روک لیا ہے۔ روکے گئے پاکستانی پاسپورٹ ویزہ کے حامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان فورسز نے پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔ پاکستانی شہریوں میں زیادہ تر مزدور شامل ہیں۔

مظاہرین نے کہا کہ اگر پاکستانیوں کو آنے نہیں دیا تو ردعمل میں افغانیوں کے لئے مشکلات پیدا کریں گے۔ خیال رہے درجنوں پاکستانی شہریوں کو طورخم سرحد پر گزشتہ تین روز سے افغان فورسز نے پاکستان داخل ہونے سے روکے رکھا ہے۔

یاد رہے افغانستان سائیڈ پر طورخم میں پھنسے ہوئے مسافر نے دو روز قبل رابطہ کرکے بتایا تھا کہ پاسپورٹ ویزے کے باوجود بھی ان سے پاسپورٹ چھین کر انہیں پاکستان جانے نہیں دیا جارہا۔ انہوں نے بتایا کہ طورخم بارڈر افغانستان سائیڈ پر سینکڑوں پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں جن سے زبردستی پاسپورٹ چھین لیے گئے ہیں۔

واضح رہے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف پیر کے روز سے آپریشن شروع کیا جاچکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر رہائش پذیر، غیر ملکیوں کی شناخت پہلے ہی کی جاچکی ہے۔ غیر ملکیوں کو پکڑ کر پہلے ہولڈنگ پوائنٹ منتقل کیا جائے گا، اس کے بعد انہیں ڈی پورٹ کیا جائے گا۔

غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنے کے لیے دی گئی مہلت یکم نومبر کو ختم ہوچکی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغان شہریوں کو ضلع خیبر لنڈیکوتل انٹری پوائنٹ کیمپ میں رجسٹرڈ ہونے کے بعد طورخم بارڈر کے راستے افغانستان جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button