پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں کمی، چند روز میں مزید کمی کا امکان ہے، ڈیلرز
پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں کمی آنے کے بعد جہاں عوام نے سکھ کا سانس لیا تو وہیں آٹا ڈیلرز بھی مطمئن دکھائی دے رہے ہیں۔
پشاور کے رام پورہ گیٹ اور دیگر آٹا مارکیٹوں میں 20 کلو مکس آٹے کی قیمتوں میں 100 روپے کمی سے نئی نرخ 26 سو 50 روپے مقرر کر دی گئی۔ اسی طرح فائن آٹے کے 20 کلو تھیلے میں بھی 50 روپے کمی کے بعد فائن آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 28 سو روپے مقرر کی گئی ہے۔ آٹے کی قیمتوں میں کمی آنے کے باعث 80 کلو کی فی فوری کی قیمتیں بھی کم ہو کر رہ گئیں۔
آٹا ڈیلرز کے مطابق مارکیٹ میں آٹا وافر مقدار میں موجود ہے جبکہ چند روز میں آٹے کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان پایا جا رہا ہے۔ ڈیلرز کے مطابق قیمتوں میں کمی آنے کے باعث اب گاہک بھی مارکیٹوں کا رخ کرنے لگے ہیں جبکہ خرید و فروخت کے رجحان میں بھی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
یاد رہے کہ پشاور سے دیگر اضلاع کو بھی روزانہ کی بنیاد پر ایک بڑی مقدار میں آٹا سپلائی کیا جاتا ہے۔ پشاور سے دیگر علاقوں کو سپلائی ہونے والی آٹا کے قیمتوں پر بھی مثبت اثرات پڑ گئے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باعث جہاں زندگی کے تمام اشیائے ضروریات کی قیمتوں پر اثر پڑا ہے تو وہیں اس کا اثر آٹے کی قیمتوں پر بھی پڑ کر عوامی سطح پر اس کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔