جرائم

بنوں میں سکیورٹی فورسز پر حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق

 

سلمان خان 

بنوں میں سیکورٹی فورسز پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ بنوں کے علاقے غوڑہ بکاخیل تھانہ میریان کی حدود میں نامعلوم دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے گشت پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سیکورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ ایس این جی پی اپل گیس کمپنی کے اہلکار سمیت تین سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق حوالدار سکندر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی اہلکاروں کو سی ایم ایچ بنوں منتقل کردیا گیا۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شرپسندوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا۔ آپریشن میں ہیلی کاپٹروں سے علاقے کا معائنہ کیا جارہا ہے۔

گزشتہ دو ماہ سے سیکورٹی فورسز پر بنوں میں کئی حملے ہوئے ہیں جس میں کئی سیکورٹی اہلکار جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں۔ گزشتہ ماہ ستمبر میں بھی علاقہ سردی خیل جانی خیل میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 6 مبینہ دہشتگردوں کو آپریشن کے دوران مارا گیا تھا، جس میں تین ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ دوسرے حملے میں دہشت گردوں نے رات گئے سردی خیل بکاخیل سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس میں دونوں اطراف سے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔ فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی سے دہشت گرد فرار ہوگئے تھے اور سیکورٹی فورسز کے اہلکار بھی محفوظ رہے تھے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button