نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کے لیے رسپانس فورس قائم
محمد سلمان
کسٹم کلیکٹریٹ انفورسمنٹ پشاور نے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لانے کے لیے الگ سے کوئیک رسپانس فورس قائم کر لیا ہے جس کا بنیادی مقصد اطلاع پر نان ڈیوٹی پیڈ گاڑیوں کے خلاف کاروائی عمل میں لانا اور مشکوک گاڑیوں پر نظر رکھنا ہے۔
اس کے علاوہ فورس تمام موبائل سکواڈ کے ساتھ معاونت کے لیے بھی ہمہ وقت دستیاب ہوگا۔ انفورسمنٹ پشاور نے یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جہاں ملک بھر میں غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
کسٹم حکام کے مطابق فورس کا انچارج ڈپٹی کلیکٹر ہیڈ کوارٹر ہوگا، 2 انسپکٹرز اور تقریبا 28 سپاہیوں پر مشتمل اہلکار بھی اس فورس کا حصہ ہوں گے۔
ایڈیشنل کلیکٹر انفورسمنٹ محمد ذاکر نے ٹی این این کو بتایا کہ اس فورس کے بنانے کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ اس سے قبل این سی پی کے خلاف کاروائیاں نہیں ہوئی ہماری کاروائیاں این سی پی کے خلاف اول روز سے جاری ہے۔ اس فورس کی تمام تر توجہ ان غیر قانونی گاڑیوں پر مرکوز ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اب سوات کے راستے کرنل شیر خان انٹرچینج پر بھی ایک سکواڈ موجود رہے گا جو این سی پی گاڑیوں کی نگرانی کرے گا اس کے علاوہ مردان ایبٹ اباد اور نوشہرہ سمیت دوسرے اضلاع میں بھی کسٹم عملہ پہلے سے گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ میں مصروف عمل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فورس 24 گھنٹے اپریشنل رہے گا اور جہاں ضروری سمجھا جائے گا وہاں پہ کاروائی ہوگی۔