لائف سٹائل

مردان شہر کو لوڈ شیڈنگ فری سٹی درجہ دینے کا اعلان

 

عبد الستار

مردان کو لوڈشیڈنگ فری شہر قرار دیاگیا ہے۔ وفاقی سیکرٹری پاور راشد محمود لنگڑیال کا کہنا ہے کہ جہاں بجلی چوری ختم ہو گی وہاں لوڈشیڈنگ ختم کردی جائے گی۔

سیکرٹری پاور راشد محمود لنگڑیال نے مردان کے دورے کے دوران اعلان کیا کہ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کو لوڈشیڈنگ فری شہر قرار دے دیا گیا ہے، اور جہاں بھی بجلی چوری ختم ہو گی وہاں لوڈشیڈنگ ختم کردی جائے گی۔

سیکرٹری پاور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال نے مردان میں بجلی چوری کے خلاف مہم میں انتظامیہ، پولیس اور پیسکو حکام کی بہترین کارکردگی کی تعریف کی۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے بجلی چوری کے خلاف مہم کو کامیاب بنانے پر مردان کے عوام، انتظامیہ، پولیس اور پیسکو حکام کی کارکردگی کو سراہا اور اس کو دیگر اضلاع کے لیے قابل تقلید کام قرار دیا۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے کہا کہ بجلی چوری اور کنڈہ کلچر کا خاتمہ بڑا چیلنج ہے جس کو اداروں نے مل جل کر قبول کیا۔ انہوں نے مردان کو پورے ملک کے لیے ماڈل لوڈشیڈنگ فری شہر قرار دینے پر وفاقی حکومت اور سیکرٹری پاور کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے اپنے خطاب میں وفاقی سیکرٹری راشد محمود  لنگڑیال نے کہا کہ بجلی چوری ختم کرنے  والے دیگرشہروں کو بھی لوڈ شیڈنگ فری بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری ختم ہونے سے سرکلر ڈیٹ کم ہوگا اور عوام کوسستی بجلی مل سکے گی۔ سیکرٹری پاور راشد محمود نے کہا کہ بجلی چوری حرام ہے، دنیا کی کوئی مذہب میں چوری کا تصور نہیں، بجلی چوروں کی سہولت کاروں کو نہیں بخشا جائے گا، کوئی بڑی سفارش لے کر آزمالیں کسی کو بخشا نہیں جائے گا، اور چوروں میں چھوٹے بڑے کی کوئی تمیز نہیں کی جائے گی۔

سیکرٹری پاور کا کہنا تھا کہ بجلی چوری میں سہولت کاری پر محکمے کے ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا ہے، بجلی نقصانات کو 43 فیصد سے کم کرکے 12 فیصد پر لے آئے ہیں، مہم کے دوران 1 ہزار میٹر لگائے گئے ہیں، اور ملک بھر میں خصوصی مہم کے دوران 5 ارب روپے کی چوری کم ہوئی ہے۔

چیف پیسکو قاضی طاہر نے کہا کہ مردان میں کمشنر مردان ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کی قیادت میں مردان میں بجلی چوری اور کنڈا کلچر کے خلاف مہم کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ۔ 48 چھاپہ مار ٹیموں نے انتظامیہ اور پولیس کے ہمراہ دن رات بجلی چوروں کے خلاف کاروئی کی۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب مہم کے ذریعے 43 فیصد لاسز کو 12 فیصد پر لایا گیا، جبکہ بقایا جات کی ریکوری 101فیصد ہوئی۔ اسسٹنٹ کمشنر عائشہ طاہر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک مہینے میں مردان میں ریکارڈ 450 ملین ریکوری ہوئی جبکہ دن کے علاؤہ نائٹ آپریشن میں بھی سینکڑوں بجلی چوروں کے خلاف کامیاب کاروایاں کی گئیں۔

اس دوران صدر مردان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ظاہر شاہ نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف مہم میں تاجر اور صنعتکار انتظامیہ اور پیسکو حکام کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ تاجر رہنما احسان باچہ نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف بلاتفریق کاروائی کے بہتر نتائج برآمد ہوئے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button