لائف سٹائل

نائب سربراہ امریکی مشن کا سکیورٹی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے خیبر پختونخوا کا دورہ

پاکستان میں امریکہ کے ڈپٹی چیف آف مشن ( ڈی سی ایم) اینڈریو شُوفر نے 25 سے 26 ستمبر تک پشاور کا دورہ کیا۔

اُن کے دورے کا مقصد سرحدوں کی حفاظت کے سلسلہ میں امریکی عزم کی تجدید کرنا اور خیبر پختونخوا میں سرحد پار دراندازی کی روک تھام اور عسکریت پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کیلئے امریکی حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔

ڈی سی ایم شوفر نے اپنے دورے کے دوران  تاریخی قلعہ بالاحصار میں فرنٹیئر کور کے انسپکٹر جنرل سے ملاقات کی اور اس دوران انہوں نے رات کی تاریکی میں آپریشن کی استعداد کار میں اضافہ کے لیے ایف سی کے لیے ڈھائی لاکھ ڈالر مالی کا ایک منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا۔

ڈی سی ایم شوفر نے آئی جی پولیس اختر حیات سے بھی ملاقات کی اور ساڑہے تین لاکھ ڈالر مالیت کا حفاظتی اور سکیورٹی سامان اُن کے حوالے کیا۔ ان  آلات سے دہشتگردی کے خلاف مہیب خطرات سے نمٹنے کیلئے بھرپور کاروائیوں کے دوران پولیس فورس کی حفاظت اور کارکردگی میں  اضافہ  ہو گا۔

ڈی سی ایم شوفر  نے خیبر پختونخوا میں نئے ضم شدہ اضلاع میں زندگیوں اور روزگار میں بہتری لانے کیلئے یو ایس ایڈ کی معاونت سے جاری چار لاکھ ستر ہزار ڈالر مالیت کے پروگرام  سے مستفید ہونے والے نوجوانوں، خواتین، اقلیتوں اور خُصوصی افرادکے ساتھ ایک گول میز کانفرنس میں بھی شرکت کی۔ مقامی آبادی کی ضروریات کے پیش نظر ڈی سی ایم شوفر نے وہاں سلائی مشینیں اور شمسی توانائی سے چلنے والے پنکھے تقسیم کیے۔

ڈی سی ایم شوفر  نے خیبر پختونخوا کی تاجر برادری، انٹر پرینیوئرز، اکنامک زون ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ  کمپنی کے نمائندوں اور خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کیں اور پاکستان اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کے درمیان تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید تقویت دینے کیلئے مواقع پر بات چیت کی۔

علاوہ ازیں وہ مختصر وقت کیلئے نیشنل انکیوبیشن سنٹر میں بھی رُکے اور وہاں انٹرپرینوئرز کے منصوبوں اور تجارتی تصورات سے آگاہی حاصل کی۔

پاکستان کے تمام مذاہب کے پیروکاروں کی مذہبی آزادی کی حمایت اور  باہمی برداشت اور احترام کے لیے امریکی عزم کی توثیق کیلئے وہ تاریخی  عبادت گاہ سینٹ جونز کیتھڈرل بھی گئے اور وہاں بشپ ہمفرے سرفراز پیٹرز کے ساتھ مختلف  مذاہب  کے  ماننے والوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے اور ان کے درمیان  مکالمے کے حوالے سے بات چیت کی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button