لائف سٹائل

بحریہ ٹاؤن پشاور منصوبے کا مقام معلوم ہے نہ رقبہ: پی ڈی اے

 

بحریہ ٹاؤن پشاور کا پلاٹ حاصل کرنا ان دنوں شاید ہر شہری کا خواب ہو تاہم صوبائی دارالحکومت کے ترقیاتی ادارے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کے مطابق بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ نے اس منصوبے سے متعلق ضروری معلومات تک اتھارٹی کو فراہم نہیں کیں۔

اس حوالے سے اتھارٹی کی جانب سے 6 ستمبر کو بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ کو جاری ایک مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر 2020 میں بحریہ انتظامیہ نے میڈیا کمپین کے ذریعے قواعد و ضوابط کا جائزہ لینے کی خاطر مارکیٹ سروے کے لئے ایک درخواست دی تھی۔ جس پر دفتر ہٰذا نے انہیں چار ماہ کیلئے کمپین چلانے کی اجازت دی۔ بعدازاں اس میں مزید چار ماہ کی توسیع دی گئی تاہم بحریہ انتظامیہ نے ایسی کوئی مہم نہیں چلائی۔

مراسلے کے مطابق بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کی درخواست پر بینک گارنٹی بھی جاری گئی جبکہ اس وقت پشاور میں رہائشی و کمرشل پلاٹوں کیلئے پی ڈی اے ہی واحد مجاز ادارہ تھا۔

مراسلے میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ خیبر پختونخوا کی متعلقہ شقوں کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا گیا ہے کہ ازروئے قانون مارکیٹ سروے کے لئے دی جانے والی درخواست کے ساتھ سروے کا طریقہ کار، ذرائع، مجوزہ اشتہار یا سوالنامہ جیسی دیگر تفصیلات جمع کرنا ہوتی ہیں۔

تاہم بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے تاحال منصوبے کے سائٹ (مقام) کی نشاندہی کی گئی ہے نہ ہی منصوبے کا کل رقبہ ظاہر کیا گیا ہے اور نا ہی دیگر تفصیلات جمع کی گئی ہیں۔

اتھارٹی کی جانب سے بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر ان کا منصوبہ اتھارٹی کے دائرہ کار میں آتا ہے تو  تمام تفصیلات جمع کی جائیں بصورت دیگر ان کی درخواست ردی کی ٹوکری کی نذر کر دی جائے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button