امریکی ویزے کے خواہش مند افراد کے لیے بڑی سہولت متعارف
امریکی ویزا درخواست گزاروں کے لیے سفارت خانے کی جانب سے اپائنٹمنٹ کے انتظار میں کمی کے لیے امریکی سفارت خانے کی جانب سے اقدامات شروع کیے گئے ہیں۔
امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ پاکستان سے امریکی ویزوں کی طلب اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جس کے لیے پاکستان میں امریکی مشن ماضی کی نسبت زیادہ سے زیادہ ویزا درخواستوں کو نمٹانے کے لیے کوشاں ہے۔
امریکی سفارت خانے کے مطابق ہم ویزا اپائنٹمنٹ کے انتظار کی مدت میں کمی لانے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔ ہم ویزا کی مانگ میں اس غیر معمولی اضافہ کے پیش نظر درخواست گزاروں کی سہولت کیلئے تین طریقوں سے کام کررہے ہیں۔
امریکی ایمبیسی کی جانب سے نان امیگرنٹ ویزا کیلئے ہزاروں درخواستوں پر عمل درآمد تیزکر دیا گیا ہے۔ دس ہزار سے زائد پاکستانی درخواست گزاروں کو جلد از جلد یہ اطلاع موصول ہونے والی ہے۔ امریکی قونصل خانہ کراچی میں اُن کی پہلے 2024ء میں طے شدہ اپائنٹمنٹ کی مدت کو کم کرتے ہوئے وہ اب 2023ء میں مقرر کی جا رہی ہیں ، اُن میں سے بعض کی اپائنٹمنٹ اگلے ہفتے سے ہی طے ہو سکتی ہیں۔
اس کے علاوہ قونصل خانہ کراچی یا امریکی سفارتخانے اسلام آباد میں جو بھی اُن کیلئے مناسب ہو سے دوبارہ شیڈول کر سکتے ہیں۔ ہمیں اُمید ہے کہ اس نرمی سے درخواست گزاروں کو اُن کی سہولت کے مطابق تاریخ، وقت اور انٹرویو کی جگہ کا تعین کرنے میں آسانی ہو گی۔
اِسی طرح پچیس ستمبر سے امریکی قونصل خانہ کراچی میں انٹرویو سے مستثنیٰ ایسے امیدواروں کی درخواستیں قبول کرنے کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے جنہیں پہلے کراچی سے امریکی ویزا جاری کیا گیا تھا۔ درخواست گزار انٹرویو سے مستثنیٰ ہونے سے متعلق اپنی اہلیت کی جانچ پڑتال کے لیے ہماری ویب سائٹ یو ایس ٹریول ڈاکس ڈاٹ کام سلیش پی کے پر رجوع کر سکتے ہیں اور کنفرمیشن لیٹر (تصدیقی خط) پرنٹ کرنے کے بعد اپائنٹمنٹ کے بغیر ہی کراچی میں اے اِی جی کے ڈراپ باکس میں درخواست سمیت اپنے ضروری کوائف جمع کروا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ پہلے ہی استثنا کے اہل ایسے ویزا امیدواروں کی درخواستیں قبول کر رہا ہے جن کو پہلے بھی اسلام آباد سے ویزا جاری ہوا تھا۔