چترال: سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے سعودی عرب کا امدادی سامان پہنچ گیا
چترال میں سیلاب سے متاثرہ سات ہزار خاندانوں کے لیے 60 ٹرک ریلیف سامان اور فوڈ پیکیج پہنچا دیا گیا۔ یہ سامان سعودی عرب کنگ سلمان ہیومنیٹرین اینڈ ریلیف سنٹر کی جانب سے لایا گیا ہے۔
ایثار فاؤنڈیشن کے نمائندہ یوسف خان کے مطابق کنگ سلمان ہیومنیٹرین اینڈ ریلیف سنٹر نے لوئر چترال کے 35 سو خاندانوں اور اپر چترال کے 35 سو خاندانوں کے لیے ریلیف سامان اور فوڈ پیکیج ایثار فاونڈیشن کے حوالہ کردیا ہے۔ اس طرح اپر اور لوئر دیر کے سیلاب سے متاثرہ پانچ ہزار افراد کے لیے بھی پیکیج حوالہ کیا جا چکا ہے۔
یوسف خان نے بتایا کہ سعودی حکومت ہر مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کی خدمت میں پیش پیش ہوتی ہے۔
چترال میں اس سال جولائی کے مہینے میں سیلاب کی وجہ سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا تھا لوگوں کے گھر، فصلیں باغات، صاف پانی کے پائپ لائن اور لنک سڑکوں کو نقصان پہنچا تھا۔
ایثار فاؤنڈیشن نے کنگ سلمان ہیو منیٹرین اینڈ ریلیف سنٹر کی جانب سے بھیجے گئے 60 ٹرک امدادی سامان ضلعی انتظامیہ چترال کے حوالہ کردیا۔
اسسٹنٹ کمشنر دروش محمد علی نے ٹی این این کو بتایا کہ گلوبل وارمنگ میں چترال ٹاپ لسٹ پر ہے اور ہرسال موسم گرما میں چترال میں سیلاب کا خطرہ ہوتا ہے۔ اس سال جولائی میں سیلاب نے چترال کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصانات کئے ہیں۔
محمد علی نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے سیلاب متاثرین کے لیے پہلے سے ہر ممکن اقدامات کیے تھے تاہم اس پیکیج سے سیلاب متاثرین کی بحالی میں مدد ملے گی۔