یوم آزادی جیپ ریلی، اے کیٹیگری میں عمر خیام کی پہلی پوزیشن
یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ یوم آزادی وزیرستان جیپ ریلی پشاور سے باراستہ بنوں اور شمالی وزیرستان سے ہوتی ہوئی جنوبی وزیرستان اور پھر ڈیرہ اسماعیل خان کے مقام پر اختتام پذیر ہوئی۔
خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، ضم اضلاع ٹورازم ونگ، پاک آرمی اور فرنٹیئر 4×4 کلب کے تعاون سے منعقدہ یوم آزادی وزیرستان جیپ ریلی میں ملک بھر سے 50 سے زائد 4×4 جیپیں شریک ہوئیں۔ ریلی پشاور سے باراستہ بنوں، رزمک شمالی وزیرستان اور پھر جنوبی وزیرستان سے ہوتی ہوئی ڈیرہ اسماعیل خان کے مقام پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی میں اے کیٹیگری میں پہلی پوزیشن عمر خیام، دوسری پوزیشن انعام اللہ سکندری، تیسری پوزیشن باسط نے حاصل کی۔ بی کیٹیگری میں پہلی پوزیشن رضوان، دوسری طاہر سلمان اور تیسری پوزیشن ادریس قریشی نے حاصل کی۔ سی کیٹیگری میں ظفر بلوچ نے پہلی، بحرہ مزاری نے دوسری اور جمیل حمدانی نے تیسری پوزیشن لی جبکہ بائیکرز میں پہلی پوزیشن ثاقب شاہ، دوسری ابوبکر اور تیسری حمید نے حاصل کی۔
ریلی میں شریک شرکاء کا کہنا تھا کہ ریلی سے دنیا کو امن کا پیغام جائے گا اور ساتھ ہی ساتھ ان علاقوں میں موجود قدرت کے حسین سیاحتی مقامات کی جانب سیاح راغب ہوسکیں گے۔ جشن آزادی کے موقع پر جیپ ریلی کے انعقاد کا مقصد نہ صرف ان مقامات کی رونمائی کرنی ہے بلکہ ساتھ ساتھ ان علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں کو بھی فروغ دینا ہے۔
خیبر پختونخوا کے ضم اضلاع میں بے شمار سیاحتی مقامات ہیں جو کہ سیاحوں کیلئے کھلے ہیں اور سیاح ان مقامات کا رخ کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پشاور سے ریلی کا آغاز ڈائریکٹرجنرل خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت نے کیا تھا۔