لائف سٹائل

پشاور: یوم عاشور پر مختلف امام بارگاہوں سے 12 جلوس برآمد ہوں گے

نواسہ رسول ﷺ امام حسینؓ کی کربلا میں یزیدی فوج کے ہاتھوں شہادت کے دن آج یوم عاشور پر پشاور سميت ملک بھر میں جلوس اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔

پشاور میں یوم عاشور پر مختلف امام بارگاہوں سے 12 جلوس برآمد ہوں گے، پہلا جلوس صبح 11 بجے امام بارگاہ سید علی شاہ رضوی کوچہ جان پیپل منڈی سے برآمد ہوگا۔

آج کے دن علمائے کرام اور ذاکرین امام حسینؓ کی واضح تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کریں گے۔

عاشورہ کے جلوسوں کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، حساس شہروں میں موبائل فون سروس جلوسوں کے اختتام تک معطل رہے گی جبکہ جلوس کے داخلی اور خارجی راستے سیمنٹ کے بلاکس اور خاردار تاروں سے سیل کیے گئے ہیں۔

عزاداروں کے جلوس کا شیڈول

پشاور میں آج ایک درجن سے زائد علم، تعزیئے اور ذوالجناح کے جلوس امام بارگاہوں سے برآمد ہوں گے جہاں قبل ازیں مجالس عزاء برپا کی جائیں گی جن میں ذاکرین واقعہ کربلا اور فلسفہ شہادت حضرت امام حسین ؓ پر روشنی ڈالیں گے۔

پشاور میں پہلا جلوس دن 11 بجے امام بارگاہ آغا سید علی شاہ رضوی محلہ چڑویکوبان، کوچہ جان نزد مسلم مینابازار سے برآمد ہوگا۔ دوسرا جلوس امام بارگاہ علمدار کربلا کوچہ رسالدار نزد قصہ خوانی بازار پشاور شہر سے دوپہر ایک بجے، تیسرا جلوس امام بارگاہ اخوند محلہ نو بجوڑی چرچ روڈ پشاور سے دوپہر دو بجے، چوتھا جلوس امام بارگاہ سید عالم شاہ جعفری کوچی بازار پشاور شہر سے دو بجے، پانچواں جلوس امام بارگاہ خان صاحب حاجی ملک رحمٰن محلہ مروی جا پشاور سے سہ پہر تین بجے، چٹھا جلوس امام پورا ولی بادشاہ جعفریہ سٹریٹ پشاور سے سہ پہر تین بجے، ساتواں جلوس امام بارگاہ سائیں سہراب امامیہ کالونی گلبہار جی ٹی روڈ سے سہ پہر تین بجے، آٹھواں جلوس امام بارگاہ حسینیہ گڑھی سید آباد وڈپگہ شریف پشاور سے سہ پہر ساڑھے تین بجے، نواں جلوس امام بارگاہ مرزا قاسم اصفہانی محلہ جنگی کابلی گیٹ پشاور سے سہ پہر ساڑھے تین بجے، دسواں جلوس امام بارگاہ حسین آباد محلہ گل بادشاہ جی جہانگیر پورہ پشاور سے سہ پہر ساڑھے تین بجے، گیارھواں جلوس امام بارگاہ سید میر حیدر شاہ کوچہ حیدر شاہ جہانگیر پورہ روڈ پشاور سے چار بجے اور عاشورہ محرم کا آخری جلوس سہ پہر ساڑھے چار بجے امام بارگاہ میر فضل علی شاہ رضوی المعروف مصطفیٰ شاہ محلہ خداداد قصہ خوانی پشاور سے برآمد ہوگا۔

سکیورٹی کے انتظامات

ایس ایس پی آپریشنز ہارون الرشید خان کے مطابق پشاور میں 13500 پولیس افسران و اہلکار محرم کے دوران سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ تمام اہم تقاریب کو تھری لئیر سکیورٹی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تمام روٹس سمیت مجالس عزاداری، امام بارگاہوں کی بم ڈسپوزل یونٹ اور سنیفر ڈاگز کے ذریعے سویپنگ کی جارہی ہے، حساس امام بارگاہ کے ساتھ ساتھ حساس تمام ماتمی جلوسوں کیلیے فل پروف اضافی سکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں، امام بارگاہوں، دیگر مذہبی عبادت گاہوں اور حساس مقامات سمیت شہر بھر کی مانیٹرنگ کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ خصوصی کنٹرول رومز قائم کیا گیا ہے جہاں سے 200 سی سی ٹی کیمروں کے ذریعے تمام حساس مقامات کی نگرانی ہو رہی ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز مطابق سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کرنے کے ساتھ ساتھ شہر میں واقع سرائیوں، گیسٹ ہاوسز اور ہوٹلز میں قیام پذیر افرادکا ڈیٹا چیک کرکے ان کی نگرانی کا عمل جاری ہے، شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات پر سپیشل ناکہ بندیاں لگا کر چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ شہر میں داخل ہونے والے تمام مشتبہ افراد کی نگرانی کا عمل جاری ہے۔ اس کے علاوہ افغان مہاجرین کے شہر میں داخلہ پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔

عزاداروں کی خدمت کے لیے کمانڈ پوسٹ میں ریزرو پولیس، بی ڈی یو، لیڈیز پولیس، ڈی ایس بی، ایمبولینس، ریسکیو 1122،فائر بریگیڈ، واپڈا، نادرن سوئی گیس، ضلعی انتظامیہ، کیپٹل میٹرو پولیٹن کے اہلکار اور دیگر اداروں سے تعلق رکھنے والے افسران و اہلکار ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔

موبائل سروس معطل

دس محرم کو اندرون شہر پشاور اور وڈپگہ میں صبحے آٹھ سے رات بارہ بجے تک موبائل سروس معطل رہے گی۔ اس طرح مردان شہر میں دس محرم کو صبح آٹھ سے رات دس بجے تک موبائل سروس بند رہے گی۔ نوشہرہ کینٹ میں بھی دسویں محرم الحرام کو سگنلز بند رہیں گے۔

ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور میں آج دس محرم الحرام کو امام باگاہوں کے آس پاس اور جلوسوں کے گزرگاہوں پر شام 7 بجے تک سروس معطل رہے گی۔ جنوبی اضلاع میں کوہاٹ شہر، شاہ پور، محمد زئی، شیر کوٹ میں دس محرم کو صبح سے جلوسوں کے احتتام تک موبائل سگنلز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ہنگو، کرم، اورکزئی، بنوں شہر، لکی مروت میں بھی دس محرم الحرام کو حساس علاقوں میں موبائل سروس معطل رہے گی۔ ڈی آئی خان میں اندرون شہر، تحصیل پہاڑ پور، کولاچی، اور پروہ، ٹانک میں شہر، نورنگ کے حساس علاقوں میں بھی موبائل سگنلز بند رہیں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button