لائف سٹائل

خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان

 

خیبرپختونخوا میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی اضلاع ایبٹ آباد، لوئر دیر، سوات، اور بونیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ اور پشاور میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے علاوہ ملک کے باقی مختلف علاقوں میں بھی آئندہ دو روز کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے۔ موسلا دھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، گوجرانوالہ ،لاہور ، سیالکوٹ، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، اوکاڑہ، کوہاٹ، پشاور، بنوں ، کرک اورڈی آئی خان کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ مری،گلیات،کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

آج جمعہ کے روز کشمیر، گلگت بلتستان ،خیبر پختونخوا ،اسلام آباد،خطہ پوٹھوہار ، پنجاب،مشرقی/ شما ل مشرقی بلوچستان اور سندھ میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب مردان میں بارش کے باعث کمرے کی چھت گرنے سے ایک خاتون اور ایک بچہ زخمی ہوگیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق تخت بھائی اسلم کلے میں کمرے کی چھت گر گئی۔ حادثے کے نتیجے میں خاتون اور بچہ زخمی ہوگئے۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 میڈیکل اور ڈیزاسٹر ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو 1122 میڈیکل ٹیم نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا۔

ادھر لوئر چترال کے سیاحتی مقام کیلاش ویلی بمبوریت میں گذشتہ شب  سیلابی ریلوں کے باعث روڈز بند ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے جوانوں نے ٹریکٹر کے ذریعے متاثرہ سڑکوں سے ملبہ ہٹا کر سڑکوں کو سیاحوں کے کلئیر کر دیا۔ لوئر چترال میں گزشتہ شب سے مختلف مقامات پر بارشیں شروع ہو چکی ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button