لائف سٹائل

ملک میں بارشوں سے 12 افراد جاں بحق

 

ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں سے 12 افراد جاں بحق جب کہ 15 سے زائد افراد  زخمی ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی پنجاب، اسلام آباد ،خیبر پختونخوا ، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ پری مون سون بارشوں کا سلسلہ 30 جون تک جاری رہے گا۔

پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے سے 11 افراد جاں بحق ہوئے، لاہور میں شدید گرمی کے بعد شدید بارش ہوئی جہاں سب سے زیادہ بارش ائیر پورٹ اور اطراف میں ہوئی، بارش اور طوفان سے لاہور کے 150 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے اور متعدد علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی جب کہ گوجرانوالا، شیخو پورہ، نارووال اور سیالکوٹ میں بھی بارش ہوئی۔

پشاور میں موسلا دھار بارش کے بعد اسٹیڈیم چوک میں پانی جمع ہو گیا، مالاکنڈ،سوات، چارسدہ، لوئر دیر،صوابی، مردان مانسہرہ میں بھی بارش ہوئی، بونیر میں چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور6 افراد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات میں پری مون سون بارشوں کے پیش نظر فوری امدادی کاروائیوں کے لیے ذیلی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہے۔ سیکرٹری ریلیف کے مطابق عیدالاضحیٰ کی تعطیلات میں ملازمین کے لیے خصوصی روسٹر بنائے گئے ہیں۔

ذیلی ادارے ریسکیو1122، پی ڈی ایم اے( پی ای او سی) اور سول ڈیفنس کے ملازمین الرٹ رہے اور دفاترمیں موجودگی یقینی بنائیں۔ تمام اضلاع بشمول ضم شدہ اضلاع میں ریسکیو سٹیشنز کھلے رہیں گے۔

ریسکیو1122 ایمبولینسز، فائر ویکلز اور دیگر آلات کے ساتھ ضروری سامان بھی اضلاع کو فراہم کردیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر اور ریسکیو 1122 کال سنٹر سروسز عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے موقع پر عوام کو خدمات،رہنمائی اور دیگرسہولیات فراہم کرینگے۔ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 یا 1122 پر دیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button