لائف سٹائل

لکی مروت میں یومیہ پیدا ہونے والی لاکھوں کیوبک فٹ گیس نیشنل گرڈ میں شامل

انور خان

خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں پیدا ہونے والی یومیہ ایک کروڑ 30 لاکھ کیوبک فٹ گیس کو نیشنل گریڈ میں شامل کر دیا گیا۔

بیٹنی آئل اینڈ گیس پلانٹ کے انچارج ضرار حسین کے مطابق مذکورہ گیس فیلڈ پر گزشتہ سال جولائی میں کام شروع ہوا تھا اور 16 جون 2023 کو یہ پلانٹ کامیابی کے ساتھ نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلگ کیا گیا جبکہ اس کنویں سے اس وقت گیس کے ساتھ ساتھ یومیہ ایک ہزار دس بیرل تیل بھی پیدا ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بیٹنی آئل اینڈ گیس پلانٹ سے یومیہ ایک کروڑ 30 لاکھ کیوبک فٹ گیس نیشنل گرڈ میں شامل ہو رہا ہے جبکہ ان سے نکلنے والی خام تیل کو ٹینکرز کے ذریعے اٹک آئل ریفائنری منتقل کیا جائے گا۔

ضرار حسین کے بقول یہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی او جی ڈی سی ایل کی بڑی کامیابی ہے کیونکہ انہیں انتہائی قلیل وقت میں اتنی بڑی پیش رفت کی توقع نہیں تھی لیکن ٹیم نے دن رات ایک کر کے ایک سال میں اس پلانٹ کو کامیاب بنایا۔

خیال رہے کہ لکی مروت کے سب ڈویژن بیٹنی میں تیل اور گیس کے ذخائر 2021 میں دریافت ہوئے تھے۔ جولائی 2022 میں او جی ڈی سی ایل نے اس پلانٹ پر کام شروع کیا جو گزشتہ روز مکمل ہوا۔

او جی ڈی سی ایل نارتھ ریجن کے منیجر حبیب اللہ نے ٹی این این کو بتایا کہ کسی بھی آئل فیلڈ کو کامیاب بنانے کے لیے چار سے پانچ سال درکار ہوتے ہیں تاہم توانائی کے بحران کو دیکھ کر اس پر کام جلدی مکمل کرنا پڑا جبکہ اس علاقے میں مزید دو کنوؤں پر بھی کام جاری ہے جس سے اگلے دو سال میں گیس کی یومیہ پیداوار پچاس ملین کیوبک فٹ تک پہنچ جائے گی اور ساتھ میں تیل کی پیداوار چھ ہزار بیرل یومیہ تک متوقع ہے۔

ان کے مطابق یہ ایک دوردراز علاقہ ہے جہاں سکیورٹی کے مسائل ہیں لیکن اس کے باوجود وہ کامیابی کا سفر جاری رکھیں گے اور اس سلسلے میں ان کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھی مکمل تعاون حاصل ہے۔

دوسری جانب ماہرین توانائی کہتے ہیں کہ پاکستان سالانہ اربوں روپے کا تیل اور گیس برآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہے؛ اگر مزید دو منصوبے کامیاب ہوتے ہیں تو رواں مالی سال کے اختتام تک پیداوار پر بچت 176 ملین امریکی ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔

Show More

Salman

سلمان یوسفزئی ایک ملٹی میڈیا جرنلسٹ ہے اور گزشتہ سات سالوں سے پشاور میں قومی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ مختلف موضوعات پر کام کررہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button